بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی والدہ کم فرنینڈس 76 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کم فرنینڈس طویل علالت کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں دار فانی کو چھوڑ گئیں۔ وہ کئی برسوں سے کینسر کا شکار تھیں اور گزشتہ ہفتے دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کی گئی تھیں، جہاں ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود ان کی زندگی بچائی نہ جا سکی۔
جیکولین نے اپنی والدہ کی بیماری کے دوران تمام پیشہ ورانہ مصروفیات سے کنارہ کشی اختیار کر رکھی تھی، اور حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ کی ایک تقریب میں پرفارم کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
کم فرنینڈس کو 2020 میں فالج کا اٹیک بھی آیا تھا جس کے بعد انہیں بحرین کے ایک اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا تھا۔
اداکارہ کی والدہ کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، اور بالی ووڈ کے کئی معروف اداکاروں نے جیکولین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔