مظفر آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی(جے اے اے سی) کے مرکزی دفتر کو سیل کر دیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔یہ اقدام ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے تحت کیا گیا،جس کے بعد خطے میں صورتحال مجموعی طور پر کنٹرول میں رہی۔حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد مبینہ طور پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی روک تھام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے جبکہ برآمد شدہ اسلحہ کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق آزاد کشمیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کے مرکزی دفتر کو سیل کر دیا ہے۔ یہ کارروائی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ حکمت عملی کے تحت عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد مبینہ طور پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی روک تھام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔کارروائی کے دوران دفتر کی تلاشی بھی لی گئی، جس میں ایک سب مشین گن، ایک بارہ بور رائفل اور ایک پستول برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ چھاپے کے وقت دفتر کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی تاہم صورتحال مجموعی طور پر پرامن رہی اور کسی قسم کے احتجاج یا ہنگامہ آرائی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔حکومتی ذرائع کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیاں قانون کی بالادستی اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے جاری ہیں۔ حکام کا موقف ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے جو مبینہ طور پر عوامی حقوق کے نام پر انتشار یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔