امریکی صدارتی انتخابات میں سابق صدر ٹرمپ کی تاریخی فتح پر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
حماس کے رہنما سمی ابو ذوہری نے کہا کہ ٹرمپ کی جیت کے بعد اب دیکھنا ہے کہ وہ مشرقی وسطی خاص طور پر غزہ میں جنگ بندی کیلئے کیا اقدام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر ٹرمپ نے اپنا وعدہ پورا کیا تو اگلے چند دنوں میں غزہ میں امن قائم ہو جائے گا۔
ادھر، حماس کے ایک اور رہنما باسم نعیم نے کہا کہ ٹرمپ کو حلف اٹھانے کے بعد اسرائیل کی حمایت ختم کرکے غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام بند کروانا ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے صدارتی مہم کے دوران کئی بار کہا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں جاری جنگوں کا خاتمہ کریں گے۔
خیال رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں 538 الیکٹورل ووٹوں میں سے سابق صدر ٹرمپ کو 277 جبکہ کملا ہیرس کو 226 ووٹ ملے ہیں۔