تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)اسرائیلی حملوں کے بعد ایران بھر میں تباہی کے مناظر سامنے آ رہے ہیں جہاں 24 صوبے متاثر ہوئے، سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے جبکہ اہم تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب ایران نے کشیدگی کے جواب میں آبنائے ہرمز کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا،وہ اہم سمندری گزرگاہ جہاں سے دنیا کے خام تیل کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ اس پیش رفت نے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں تناو کو نئی سطح پر پہنچا دیا ہے بلکہ عالمی توانائی منڈیوں، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر بھی گہرے اثرات کے خدشات کو جنم دے دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایرانی میڈیا نے رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میںاسلامی پاسدران انقلاب کے تین ارکان سمیت مجموعی طور پر 201 افراد جاں بحق اور 747 زخمی ہو گئے ہیں، زخمیوں کو ملک کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں سے ایران کے 31 میں سے 24 صوبے متاثر ہوئے، جن میں سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور سیکیورٹی ادارے مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ ہیں۔ امدادی اور ریسکیو سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ کشیدگی کے پیش نظر فی الوقت کسی بھی جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آبنائے ہرمز کی بندش کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل اور تیل کی قیمتوں کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق دنیا کے خام تیل کا تقریباً پانچواں حصہ اسی گزرگاہ سے گزرتا ہے، جو محض 40 کلومیٹر چوڑی ہے۔ اس راستے کے ذریعے سعودی عرب،متحدہ عرب امارات،کویت اور ایران سے تیل عالمی منڈیوں تک پہنچایا جاتا ہے۔عالمی خبر ایجنسیوں کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ایل این جی برآمد کرنے والا ملک قطربھی اپنی برآمدات کے لیے اسی گزرگاہ پر انحصار کرتا ہے جبکہ اوپیک رکن ممالک کی بڑی تعداد ایشیائی منڈیوں کو خام تیل کی ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے کرتی ہے۔حالیہ پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے اور عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی حملوں میں ایران کے 24 صوبے متاثر،سینکڑوں جاں بحق و زخمی،آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی تیل سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ
18