شام پر اسرائیلی حملوں میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے، 43 افراد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔ جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے شام کے صوبہ حما کے شہر مسیف کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان ہوا۔
دو علاقائی انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ میسیاف کے قریب واقع کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کے ایک بڑے فوجی تحقیقی مرکز کو کئی بار نشانہ بنایا گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں ہتھیاروں کی تیاری میں ملوث ایرانی فوجی ماہرین کی ایک ٹیم موجود ہے۔
ان حملوں پر اسرائیلی حکام کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں پر حملوں کے بعد سے، اسرائیل نے شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے۔
ایک فوجی ذریعے نے سانا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اتوار کی شام تقریباً 23:20 پر، اسرائیلی دشمن نے شمال مغربی لبنان کی سمت سے فضائی جارحیت کا آغاز کیا، جس میں وسطی علاقے (شام) میں متعدد فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی میزائلوں کا مقابلہ کیا اور ان میں سے کچھ کو مار گرایا۔