ٰیروشلم (ایگزو نیوز ڈیسک)اسرائیل نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی ہدایت پر لبنان میں 70 سے زائد اہداف پر بمباری کی گئی ہے، جس میں حزب اللہ کے اہم کمانڈرز اور القدس بریگیڈز کے رہنما ہلاک یا زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے متعدد ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے، جس میں اسرائیلی دعوے کے مطابق اہم کمانڈرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا کہ لبنان میں کارروائی کے دوران حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، اور یہ تمام کارروائیاں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی ہدایت پر کی جا رہی ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کو حزب اللہ کے خلاف طاقت کے ساتھ کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور اس سلسلے میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک بڑے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کارروائی میں حزب اللہ کے ایک اہم رہنما کو ہدف بنایا گیا ہے تاہم مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔دوسری جانب حزب اللہ نے فوری طور پر نعیم قاسم کے بارے میں اسرائیلی دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی، البتہ تنظیم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے بعد سیکیورٹی اقدامات کو سخت کر دیا گیا ہے۔فلسطین کی جہادی تنظیم اسلامی جہاد نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کے بیروت میں حملے میں ان کے 41 سالہ کمانڈر ادھم العثمان ساتھیوں سمیت شہید ہوئے۔ ادھم العثمان لبنانی محاذ پر القدس بریگیڈز کے کمانڈر تھے۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ لبنان میں اس نے 70 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، جس میں حزب اللہ اور دیگر متعلقہ ٹھکانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کارروائی کے بعد لبنان میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے اور خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے عالمی برادری کی توجہ ضروری ہو گئی ہے۔
نیتن یاہو کی ہدایت پر لبنان میں 70 سے زائد اہداف پر اسرائیلی حملے،حزب اللہ کمانڈرز اور القدس بریگیڈز کے اہم رہنما ہلاک
5