Home » بیوفورٹ قلعہ اسرائیل کے قبضے میں؟جنوبی لبنان میں بڑی عسکری پیش قدمی کا دعویٰ

بیوفورٹ قلعہ اسرائیل کے قبضے میں؟جنوبی لبنان میں بڑی عسکری پیش قدمی کا دعویٰ

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)جنوبی لبنان میں جاری کشیدگی ایک بار پھر خطرناک موڑ اختیار کر گئی ہے،جہاں اسرائیلی فوج نے تاریخی اور تزویراتی اہمیت کے حامل بیوفورٹ قلعے پر قبضے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنی عسکری پیش قدمی کو نمایاں طور پر وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود مسلسل فوجی کارروائیوں اور جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں،جس سے نہ صرف صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے بلکہ ایک بڑے تصادم کے خدشات بھی بڑھنے لگے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق جنوبی لبنان میں جاری کشیدگی نے ایک نیا اور خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں اسرائیلی فوج نے ایک بڑی عسکری پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے تاریخی اور تزویراتی اہمیت کے حامل بیوفورٹ قلعے (قلعہ الشقیف)سمیت اہم پہاڑی علاقوں پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔اسرائیلی حکام کے مطابق گولانی بریگیڈ کی قیادت میں فوجی دستوں نے دریائے لیتانی عبور کرتے ہوئے نبطیہ کے قریب واقع بلند پہاڑی چوٹی پر قائم اس تاریخی قلعے پر کنٹرول حاصل کیا،جسے شمالی اسرائیل کے دفاع کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے قلعے پر اسرائیلی پرچم لہرانے کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں تاہم لبنانی حکام کی جانب سے اس دعوے کی تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔دوسری جانب عرب اور لبنانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج جنوبی لبنان کے تقریباً 20 فیصد علاقے پر اپنی گرفت مضبوط کر چکی ہیں اور مزید علاقوں،خصوصاً نبطیہ شہر کے اطراف، کو خالی کرنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بمباری میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا،جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔لبنانی وزیر اعظم نے اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ مصر سمیت دیگر علاقائی ممالک نے بھی لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر راکٹ حملوں کا سلسلہ جاری ہے،جس کے ردعمل میں اسرائیلی حکام نے سرحدی علاقوں میں سکولوں اور ساحلی مقامات کو بند کر دیا ہے۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں ایک اور اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی ہے۔بیوفورٹ قلعہ،جو صلیبی دور میں تعمیر ہوا اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے،طویل عرصے سے تزویراتی اہمیت کا حامل رہا ہے۔اسرائیل ماضی میں بھی اس علاقے پر 18 سال تک قابض رہا تاہم سن 2000 میں انخلا کے دوران یہاں سے پسپا ہو گیا تھا۔

مبصرین کے مطابق اسرائیلی فوج کی حالیہ پیش قدمی گزشتہ دو دہائیوں میں لبنان کے اندر سب سے گہری دراندازی تصور کی جا رہی ہے،جس سے نہ صرف خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ جنگ بندی کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اس کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ حزب اللہ کے خلاف آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔خطے کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر عالمی برادری کی نظریں اس تنازع پر مرکوز ہیں جبکہ کسی بھی ممکنہ بڑے تصادم کے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز