Home » اسلام آباد میں عالمی ایونٹس کیلئے بڑا فیصلہ،سرکاری عمارتیں فائیو سٹار ہوٹلز میں تبدیل کرنے کی تیاری

اسلام آباد میں عالمی ایونٹس کیلئے بڑا فیصلہ،سرکاری عمارتیں فائیو سٹار ہوٹلز میں تبدیل کرنے کی تیاری

by ahmedportugal
22 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی کانفرنسوں اور اہم عالمی اجتماعات کے لیے عالمی معیار کی رہائشی سہولیات کی کمی کو دور کرنے کے لیے وزیراعظم نے بعض سرکاری عمارتوں کو ہوٹلز میں تبدیل کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ اس منصوبے پر عملدرآمد اور مجوزہ عمارتوں کا جائزہ لینے کے لیے تین رکنی وزارتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں شہید ملت بلڈنگ کو فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے،اس حوالے سے متعلقہ وزارتوں اور حکام کے درمیان مشاورت جاری ہے جبکہ منصوبے کی نگرانی اور آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کی ذمہ داری داخلہ، خزانہ اور ہاوسنگ کے وفاقی وزراء پر مشتمل تین رکنی کمیٹی کو سونپی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتی کمیٹی شہید ملت بلڈنگ کو جدید فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لے گی،جن میں عمارت کی موجودہ ساخت،تزئین و آرائش،رہائشی سہولیات،ممکنہ لاگت اور مستقبل میں اس کے استعمال کا طریقہ کار شامل ہے۔شہید ملت بلڈنگ کا مجموعی رقبہ تقریباً 4 ہزار 400 مربع گز بتایا گیا ہے جبکہ عمارت میں 128 کمروں کی گنجائش موجود ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ ڈھانچے میں تبدیلی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے بعد یہاں 64 لگڑری سوئٹس بھی قائم کیے جا سکتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد کو بڑے بین الاقوامی اجلاسوں اور عالمی سطح کی تقریبات کی میزبانی کے لیے اضافی رہائشی سہولتوں کی ضرورت پیش آرہی ہے۔ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)کے اہم ایونٹ کے موقع پر دارالحکومت میں 4 ہزار سے زائد اضافی ہوٹل رومز درکار ہوں گے۔حکام کے مطابق موجودہ ہوٹل انفراسٹرکچر میں عالمی سطح کے بڑے وفود،غیر ملکی مہمانوں اور اجلاسوں میں شریک نمائندوں کے لیے مطلوبہ تعداد میں معیاری رہائشی کمروں کی دستیابی ایک اہم چیلنج ہے۔اسی ضرورت کے پیش نظر سرکاری عمارتوں کو جدید ہوٹلوں میں تبدیل کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اگر شہید ملت بلڈنگ کو فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کی تجویز منظور ہوجاتی ہے تو اس سے وفاقی دارالحکومت میں معیاری رہائشی کمروں کی تعداد میں اضافہ ہوسکے گا اور بڑے عالمی اجتماعات کے دوران رہائش سے متعلق دباو کم کرنے میں مدد ملے گی۔وزارتی کمیٹی منصوبے کے انتظامی اور مالی پہلووں کا بھی جائزہ لے گی اور اس بات کا تعین کرے گی کہ سرکاری عمارت کی تبدیلی کس ماڈل کے تحت کی جائے۔اس ضمن میں تعمیر نو،تزئین و آرائش، انتظامی نگرانی اور مستقبل کے آپریشنز سے متعلق سفارشات مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے لیے مستقل نوعیت کی رہائشی سہولتیں پیدا کرنا ہے تاکہ ہر بڑے اجلاس یا عالمی کانفرنس کے موقع پر ہوٹلوں میں کمروں کی قلت کا مسئلہ نہ پیدا ہو۔بین الاقوامی وفود اور اعلیٰ سطح کے مہمانوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر اسلام آباد میں ہوٹل انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کی ضرورت پہلے بھی مختلف مواقع پر سامنے آتی رہی ہے۔حکومت کا موجودہ منصوبہ اس ضرورت کو جزوی طور پر سرکاری عمارتوں کے متبادل استعمال کے ذریعے پورا کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق تین رکنی وزارتی کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد منصوبے کے اگلے مرحلے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔شہید ملت بلڈنگ کے علاوہ دیگر سرکاری عمارتوں کو بھی مستقبل میں ہوٹل یا رہائشی سہولت میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ وزارتی کمیٹی کی سفارشات،عمارت کی تکنیکی موزونیت،مطلوبہ سرمایہ کاری اور متعلقہ قانونی و انتظامی تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز