Home » ایران،امریکا مذاکرات سے قبل وفاقی دارالحکومت قلعے میں تبدیل،داخلی راستوں پر کڑی نگرانی

ایران،امریکا مذاکرات سے قبل وفاقی دارالحکومت قلعے میں تبدیل،داخلی راستوں پر کڑی نگرانی

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران اور امریکا کے درمیان متوقع اہم مذاکرات سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کو عملاً ہائی سیکیورٹی زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے،حکام کے مطابق داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی، سرچ آپریشنز اور سخت چیکنگ کے ذریعے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ بین الاقوامی وفود کی محفوظ آمد و رفت ممکن بنائی جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں ایران اور امریکا کے درمیان متوقع امن مذاکرات کے پیش نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے پانچ اضلاع میں مرحلہ وار سرچ آپریشنز جاری ہیں، جن کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام ہے۔ حساس مقامات پر سیکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں بھی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے اہم علاقوں سبزی منڈی، فیض آباد، ترنول اور کراچی کمپنی میں کارروائیاں کیں، جبکہ راولپنڈی کے پیرودھائی، نور خان ایئر بیس اور حاجی کیمپ سمیت مختلف مقامات پر بھی سرچنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد مشکوک سرگرمیوں کا سدباب اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی وفود کی آمد کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ حساس تنصیبات اور اہم شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 9 اور 10 اپریل کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے، جس کے تحت دارالحکومت میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ریڈ زون کے تمام راستے عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گے، تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو فیصل موڑ، چکری، چک بیلی اور روات روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والوں کے لیے نائنتھ ایونیو کو ترجیحی راستہ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہریوں کو کورنگ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔مزید برآں پشاور سے لاہور جانے والی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک کے ذریعے فتح جنگ روڈ کی طرف موڑ دیا گیا ہے جبکہ جی ٹی روڈ پر لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کو روات، چک بیلی اور چکری کے راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔ ایکسپریس وے پر زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک عام ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد ہے، جبکہ کرنل شیر خان روڈ سے آنے والی گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات بین الاقوامی سطح کے اہم مذاکرات کے انعقاد کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ اس اہم سفارتی عمل کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز