Home » اسلام آباد ہائیکورٹ کا متنازعہ فیصلہ،جسٹس طارق محمود جہانگیری نا اہل قرار،جعلی ڈگری ثابت،جج کے عہدے سے فوری برطرفی کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا متنازعہ فیصلہ،جسٹس طارق محمود جہانگیری نا اہل قرار،جعلی ڈگری ثابت،جج کے عہدے سے فوری برطرفی کا حکم

by ahmedportugal
16 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک غیر معمولی اور متنازعہ فیصلے میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ڈگری کیس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری بطور جج تعیناتی کے وقت قانونی طور پر اہل نہیں تھے اور ان کے پاس ایل ایل بی کی درست اور قابلِ قبول ڈگری موجود نہیں تھی،اس لیے ان کی تعیناتی غیر قانونی اور کالعدم ہے۔عدالت نے وزارتِ قانون کو حکم دیا کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کو فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کیا جائے اور فیصلے کی مصدقہ نقل منسٹری آف لاء کو بھجوائی جائے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کو متعدد مواقع فراہم کیے گئے کہ وہ اپنا جواب اور متنازع تعلیمی اسناد عدالت میں پیش کریں مگر وہ نہ تو تسلی بخش جواب دے سکے اور نہ ہی اپنی ڈگری کے حوالے سے کوئی معقول وضاحت پیش کر پائے۔عدالت کے مطابق اس صورتحال میں مزید مہلت دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی تھا۔دورانِ سماعت رجسٹرار کراچی یونیورسٹی مکمل ریکارڈ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ طارق محمود جہانگیری نے جعلی انرولمنٹ نمبر کے تحت ایل ایل بی کے امتحانات دیے حتیٰ کہ پابندی کے دوران بھی پیپر کلیئر کیے گئے۔رجسٹرار کے مطابق متعلقہ کالج کا ریکارڈ موجود نہیں جبکہ جامعہ کراچی نے باضابطہ طور پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ایل ایل بی ڈگری منسوخ کر دی ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ طارق محمود جہانگیری بطور جج تعیناتی کے وقت وکیل بننے کی بنیادی اہلیت بھی نہیں رکھتے تھے،اس لیے وہ آئینی اور قانونی طور پر جج کا عہدہ رکھنے کے اہل نہیں تھے۔

عدالت نے میاں داود ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔فیصلے کے دوران عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے فل کورٹ تشکیل دینے،سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے تک سماعت ملتوی کرنے اور بنچ پر اعتراض سے متعلق تمام درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔عدالت نے قرار دیا کہ سندھ ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت معاملات اسلام آباد ہائیکورٹ کو آئینی ذمہ داری سے نہیں روک سکتے۔سماعت کے دوران بیرسٹر صلاح الدین،اکرم شیخ،راجہ علیم عباسی اور دیگر وکلا نے تفصیلی دلائل دیے۔بیرسٹر صلاح الدین نے موقف اپنایا کہ یہ فیک ڈگری کا نہیں بلکہ بے ضابطگی کا کیس ہے تا ہم عدالت نے دلائل کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ تعلیمی اسناد میں اس نوعیت کی بے ضابطگیاں خود نا اہلی کے زمرے میں آتی ہیں۔وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ججز چیمبر میں مشاورت کے لیے گئے اور ساڑھے تین بجے عدالت میں واپس آ کر فیصلہ سنایا،جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جج کے عہدے کے لیے نا اہل قرار دیتے ہوئے فوری برطرفی کا حکم دے دیا گیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز