Home » اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ،بیرسٹر سلمان صفدر کی کل عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ،بیرسٹر سلمان صفدر کی کل عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم جاری

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران اہم حکم جاری کرتے ہوئے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو اپنے موکل سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ یہ ملاقات آئندہ روز دوپہر دو بجے یقینی بنائی جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی،جس میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے وکیل سلمان صفدر سے متفرق درخواست کے بارے میں استفسار کیا،جس پر انہوں نے اپنے موکل سے جیل میں ملاقات کی اجازت طلب کی۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی کہ وکیل کو فوری طور پر ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ کیس کی تیاری مکمل کر سکیں۔چیف جسٹس نے سلمان صفدر سے ملاقات کے وقت سے متعلق دریافت کیا،جس پر انہوں نے دوپہر دو بجے کا وقت تجویز کیا۔عدالت نے اس وقت کو منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو باضابطہ حکم جاری کر دیا۔سماعت کے دوران نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ کیس کو پیر کے روز کے لیے مقرر کیا جائے تاہم چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت اپنی دستیاب مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت کی تاریخ مقرر کرتی ہے اور پیشگی شیڈول طے کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وکیل اپنے موکل سے ملاقات کے بعد اپیل پر باقاعدہ دلائل شروع کریں،جس کے بعد عدالت کوشش کرے گی کہ اپیل کو سات دن کے اندر نمٹا دیا جائے۔چیف جسٹس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کیس کو غیر ضروری طور پر طول نہیں دیا جائے گا اور ہر ہفتے دو دن سماعت کے لیے مختص کیے جا سکتے ہیں۔سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ وہ پہلے جیل میں ملاقات کے بعد عدالت کی بہتر معاونت کر سکیں گے،اس لیے اپیل فوری طور پر مقرر نہ کی جائے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست کو الگ اور پہلے سننے کی استدعا بھی کی تاہم عدالت نے کہا کہ ملاقات کے بعد اپیل کو بھی فکس کر دیا جائے گا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ کارروائی تیز رفتاری سے آگے بڑھائی جائے گی تاکہ معاملے کا جلد فیصلہ ممکن بنایا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز