Home » اسلام آباد عالمی سفارتکاری کا مرکز بن گیا،امریکی نائب صدر مذاکرات کیلئے پاکستان روانہ

اسلام آباد عالمی سفارتکاری کا مرکز بن گیا،امریکی نائب صدر مذاکرات کیلئے پاکستان روانہ

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی سطح کی سفارتی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کے انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،امریکی نائب صدر اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ دارالحکومت روانہ ہو چکے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ پیش رفت پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد ایک اہم سفارتی سرگرمی کا مرکز بن گیا ہے جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان متوقع مذاکرات کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کے وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پاکستان کے دارالحکومت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں،جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے واضح کیا کہ ان کی قیادت مذاکرات کے حوالے سے پرعزم ہے اور صدر کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر ایران سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوتا ہے تو بات چیت مثبت نتائج دے سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق امریکی وفد میں نمایاں شخصیات شامل ہیں جبکہ ایرانی وفد کی نمائندگی بھی اعلیٰ سطح پر کی جائے گی۔دونوں ممالک کے وفود آج اسلام آباد پہنچنے والے ہیں،جہاں اہم سفارتی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔حکومت پاکستان نے اس اہم موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں۔اسلام آباد کے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں سیکیورٹی پلان اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہمانوں کی سیکیورٹی اور سہولیات میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز ہے،جو خطے میں اس کے سفارتی کردار کو مزید مضبوط کرے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے وفود کی مہمان نوازی اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔دوسری جانب دفتر خارجہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مذاکرات میں شریک ممالک کے وفود اور صحافیوں کے لیے محدود مدت کے لیے ویزا فری سہولت فراہم کی گئی ہے،یہ سہولت صرف مذاکرات کے دوران تک محدود رہے گی اور اس کا اطلاق کسی تیسرے ملک کے شہریوں پر نہیں ہو گا۔تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ مذاکرات نہ صرف امریکہ اور ایران کے تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کر سکتے ہیں بلکہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،جس کے باعث عالمی سطح پر ان مذاکرات کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز