پاکستان اور ترکیہ نے جنوبی ایشیائی ملک میں ارطغرل غازی جیسے مقبول ترک ڈراموں کو ٹیلی کاسٹ کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ پیشرفت وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ترک ایوان صدر کے سربراہ مواصلات فرحتین التون کے درمیان استنبول میں ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات میں فریقین نے میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے، عوامی سفارت کاری کے فروغ اور اسلامو فوبیا کے خاتمے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات اور ترکش ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشن نے بھی ایک ورکنگ گروپ بنانے اور دونوں طرف سے فوکل پرسن مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ تارڑ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون میں اضافہ سے عوامی رابطے مزید مستحکم ہوں گے۔
ملاقات میں تفریح اور سیاحت کے شعبے میں تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔