اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم کی قیادت میں معاشی اصلاحات کے جامع ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہے اور معیشت کی پائیدار بہتری کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر پالیسیوں میں تسلسل اور شفافیت ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وقتی اقدامات کے بجائے مضبوط بنیادوں پر معیشت کو استوار کرنا ہی پاکستان کے طویل المدتی مفادات کی ضمانت ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں معیشت کی سمت درست کرنے کے لیے عملی فیصلے کیے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ اور ڈیجیٹل گورننس کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماضی میں اصلاحات صرف کمیٹیوں اور پالیسی ڈرافٹس تک محدود رہیں، تاہم اب واضح اہداف کے ساتھ عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا ہے جس سے نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا بلکہ ایئرلائن کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اسحاق ڈار کے مطابق اس اقدام سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور نجکاری کے دیگر منصوبوں کے لیے بھی مثبت ماحول پیدا ہوا ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں جیسے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ حکومتی اداروں میں شفافیت اور موثر کارکردگی کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی محض اعلانات سے نہیں بلکہ بروقت اور موثر ڈیلیوری سے ممکن ہوتی ہے۔خطاب کے دوران انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ اپریل 2023 تک ملک کو سنگین معاشی چیلنجز درپیش تھے، تاہم پاکستان میں ان چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج عالمی ریٹنگ ایجنسیز پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دے رہی ہیں جو حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ادائیگیوں کے نظام میں نظم و ضبط لایا جا رہا ہے اور ریگولیٹری اداروں کو مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ معیشت کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے۔ ان کے مطابق پاکستان میں معاشی ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور درست سمت میں اصلاحات کا تسلسل اس صلاحیت کو حقیقت میں بدل سکتا ہے۔
سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر معیشت کی بحالی،اسحاق ڈار کا معاشی نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کا عزم
4