اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ میں اہم رابطہ،ایران و امریکا مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال،پاکستان کے کردار کی تعریف۔
ایگزو نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی مجموعی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات اور امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران کویتی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم کی جانب سے خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔انہوں نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو خطے میں استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور تعریف کی۔دونوں رہنماوں نے آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس امر پر اتفاق کیا کہ اس حساس آبی گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی سطح پر توانائی اور تجارت کے نظام کو متاثر کر سکتی ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور ہر ممکن مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔