اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر خارجہ امور اسحاق ڈار نے جاپان، پرتگال اور برطانیہ کے اعلیٰ سطح رہنماوں سے ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران فریقین نے فوری کشیدگی کم کرنے اور خطے میں دیرپا امن قائم کرنے پر زور دیا جبکہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے امن کے قیام اور مذاکراتی کوششوں کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ایگزو نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر خارجہ امور اسحاق ڈار نے جاپان کے وزیر خارجہ توشیمتسو موتیگی، پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاولو رینجل اور برطانوی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ہمیش فالکنر سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے، جن میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔رہنماوں نے خطے میں کشیدگی فوری کم کرنے اور دیرپا امن قائم کرنے پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام، کشیدگی کے خاتمے اور مذاکراتی عمل کے ذریعے تعلقات بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جاپانی وزیر خارجہ توشیمتسو موتیگی نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور امن کی کوششوں میں مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔پرتگال کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور پاولو رینجل نے بھی خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماوں نے اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔برطانوی وزیر مملکت ہمیش فالکنر نے بھی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور علاقائی صورتحال پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس طرح کے اعلیٰ سطحی رابطے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت تاثر قائم کرنے اور عالمی سطح پر اعتماد سازی میں مددگار ثابت ہوں گے۔
پاکستان قیام امن میں فعال کردار،اسحاق ڈار کی جاپان،پرتگال اور برطانیہ سے خطے میں امن پر تبادلہ خیال
5