اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)شوبز اور سیاسی حلقوں میں زیرِ بحث اداکارہ مومنہ اقبال اور ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ثاقب خان چدھڑ کے درمیان جاری تنازع میں نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب معروف صحافی اور سینیر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے بھی اس معاملے پر تفصیلات سامنے لاتے ہوئے شادی سے قبل مبینہ طور پر دیے گئے لگژری تحائف کی طویل فہرست پیش کر دی۔اس انکشاف کے بعد معاملہ مزید سنگین اور عوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ثاقب خان چدھڑ کے درمیان جاری تنازع ایک نئے اور غیر متوقع موڑ میں داخل ہو گیا ہے،جہاں معاملہ صرف الزامات اور ہراسانی تک محدود نہیں رہا بلکہ اب کروڑوں روپے مالیت کے مبینہ تحائف اور اخراجات کی واپسی کے قانونی مطالبے تک جا پہنچا ہے۔معروف تجزیہ کار ارشاد بھٹی کی جانب سے کیے گئے انکشافات کے مطابق ثاقب چدھڑ کی جانب سے قانونی موقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے شادی کی نیت سے مومنہ اقبال کو قیمتی تحائف اور مالی سہولیات فراہم کیں،جن میں لگژری گاڑیاں،مہنگی گھڑی اور سفری اخراجات شامل ہیں،ثاقب چدھڑ کی جانب سے مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر دیے گئے تحائف میں ایک فارچیونر گاڑی،ایک ہونڈا سوک اور تقریباً 84 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی گھڑی سمیت دیگر لگژری اشیاء شامل ہیں،ان میں سے ایک گاڑی اس وقت مومنہ اقبال کی والدہ کے زیر استعمال ہے جبکہ سفری اور دیگر اخراجات کی ایک طویل فہرست بھی سامنے لائی گئی ہے۔
ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ مومنہ اقبال کے وکیل میاں علی اشفاق کے موقف کے مطابق دونوں کے درمیان تعلقات کئی سال تک جاری رہے اور بات شادی تک بھی پہنچی، یہاں تک کہ دونوں خاندانوں کی رضامندی کے دعوے بھی سامنے آئے تاہم بعد ازاں صورتحال اس وقت تبدیل ہوئی جب مختلف ذاتی اور خاندانی نوعیت کے انکشافات سامنے آئے،جس کے بعد تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔ارشاد بھٹی کی جانب سے مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعد میں معاملات وقتی طور پر بہتر ہوئے اور شادی کی تیاریاں بھی شروع ہو گئیں تاہم صورتحال دوبارہ اس وقت خراب ہوئی جب مبینہ طور پر کسی اور جگہ رشتہ طے ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔اسی دوران رابطوں اور الزامات کے تبادلے نے تنازع کو مزید سنگین بنا دیا۔
دوسری جانب یہ موقف بھی سامنے آیا ہے کہ ہراسانی کے الزامات کی تردید کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اصل تنازع دیے گئے تحائف اور مالی معاملات سے جڑا ہوا ہے۔وکیل میاں علی اشفاق کے مطابق اب ان تمام اخراجات اور تحائف کی قانونی طور پر واپسی کے لیے باضابطہ درخواست دائر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی آئندہ شادی سے متعلق بھی خبریں زیر گردش ہیں جبکہ ان کے اہل خانہ کا موقف ہے کہ شادی طے شدہ تاریخ پر ہی ہوگی۔واضح رہے کہ اس پورے معاملے نے سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید بحث چھیڑ دی ہے،جہاں ایک طرف ہراسانی کے الزامات ہیں تو دوسری طرف مبینہ طور پر کروڑوں روپے کے تحائف اور رشتوں سے جڑی پیچیدہ کہانی نے اس تنازع کو مزید ہائی پروفائل بنا دیا ہے۔