Home » تل ابیب اور بن گورین ایئرپورٹ پر ایرانی میزائلوں کے حملے،اہم امریکی و اسرائیلی تنصیبات تباہ

تل ابیب اور بن گورین ایئرپورٹ پر ایرانی میزائلوں کے حملے،اہم امریکی و اسرائیلی تنصیبات تباہ

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)تل ابیب اور بن گورین ایئرپورٹ پر ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں نے خطے کی سکیورٹی صورتحال کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے، جہاں متعدد امریکی اور اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعووں کے بعد ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جدید میزائلوں کے استعمال کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکی دفاعی نظام کو چیلنج کرنے اور اسرائیلی اہداف کو براہ راست نشانہ بنانے کے لیے کی گئیں، جس کے بعد نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکی مفادات سے جڑے علاقوں میں بھی غیر معمولی حفاظتی اقدامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں امریکی فوجی ٹھکانوں، پیٹریاٹ میزائل سسٹمز اور اسرائیلی اہداف پر بھاری اور منظم حملے کیے ہیں، جن میں خلیجی ممالک،اسرائیلی بندرگاہیں اور تل ابیب کے شہری علاقے شامل ہیں۔پاسدارانِ انقلاب کی بحری اور ایرو اسپیس فورسز نے ’حاج قاسم‘، ’خیبر شکن‘ اور ’قدر‘ نامی جدید میزائلوں کے ذریعے کویت کے جزیرہ بوبیان،بحرین اور یو اے ای میں موجود امریکی تنصیبات،اعلیٰ کمانڈرز اور انسٹرکٹرز کو نشانہ بنایا۔کویت کی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 بیلسٹک میزائل اور 19 ڈرون فضائی حدود میں داخل ہوئے،جنہیں مار گرایا گیا جبکہ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

ایرانی میزائلوں نے بحرین کی خلیفہ بن سلمان بندرگاہ پر ’ایم سی ایس اشیکا‘ تجارتی بحری جہاز کو بھی نشانہ بنایا،جو اسرائیلی ملکیت کا حامل بتایا گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے اندر تل ابیب،بنی براک،پیتاح تکوا،رامات گان اور کریات شمونہ میں بھی ’قدر‘ میزائلوں کے ذریعے مسلسل اور بھاری حملے کیے گئے۔اسرائیلی فوج نے شہریوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید میزائل حملوں کی توقع ظاہر کی اور ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا۔ایرانی فضائیہ کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد سے اب تک 160 سے زائد دشمن ڈرونز،جدید لڑاکا طیارے اور درجنوں کروز میزائل تباہ کیے جا چکے ہیں۔بن گورین ایئرپورٹ پر بھی ڈرون حملوں میں کنٹرول ٹاور،نیوی گیشن سسٹمز اور ریڈار نشانہ بنے۔جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے جواب میں حزب اللہ نے متعدد حملوں کا دعویٰ کیا،جن میں شراگاہ بیس اور مقبوضہ کفرشوبا پہاڑیوں کے فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملے شامل ہیں۔

ایرانی فضائی دفاع کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل علیرضا الہامی کا کہنا ہے کہ چوتھی اور پانچویں نسل کے جدید لڑاکا طیارے تباہ کرنے کی کامیابی ایرانی ٹیکنالوجی، حکمت عملی اور فضائی دفاعی نظام کی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آرمی اور پاسدارانِ انقلاب کا مکمل فضائی دفاعی نیٹ ورک ہر وقت دشمن کے طیاروں اور ڈرونز کی نگرانی اور ان کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔ایران کے موقف کے مطابق امریکی و اسرائیلی حملے 28 فروری کو شروع کیے گئے تھے،جس کے بعد ایران نے بھرپور جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے دشمن کے اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا،جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا اور علاقائی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہوئے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز