Home » زمینی حملہ ہوا تو کوئی زندہ نہیں بچے گا،ایرانی فوج کا حملے کی صورت میں فیصلہ کن جنگ کا عندیہ

زمینی حملہ ہوا تو کوئی زندہ نہیں بچے گا،ایرانی فوج کا حملے کی صورت میں فیصلہ کن جنگ کا عندیہ

by ahmedportugal
2 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران کی عسکری قیادت نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سخت اور غیر مبہم پیغام دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ زمینی حملے کی صورت میں بھرپور اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔فوجی حکام کے مطابق دفاعی حکمت عملی کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور دشمن کی کسی بھی پیش قدمی کو نہ صرف روکا جائے گا بلکہ اسے بھاری نقصان سے دوچار کیا جائے گا،جس سے صورتحال مزید سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے سربراہ امیر حاتمی نے واضح اور سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گاجبکہ زمینی کارروائی کی صورت میں دشمن کے فوجیوں کو زندہ واپس جانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اعلیٰ عسکری قیادت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر حاتمی نے آپریشنل ہیڈ کوارٹرز کو ہدایت دی کہ دشمن کی ہر نقل و حرکت پر گہری اور مسلسل نظر رکھی جائے اور کسی بھی ممکنہ حملے کا بروقت اور موثر جواب دینے کے لیے مکمل تیاری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے فوجی کمانڈرز کو ہدایت دی کہ امریکا اور اسرائیل کی سرگرمیوں کی قریبی نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ زمینی پیش قدمی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کسی بھی جارحیت کا جواب سخت اور عبرتناک ہوگا۔دوسری جانب خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایران کے اسٹریٹجک میزائل، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز اور جدید فضائی دفاعی نظام کی تیاری کے مراکز مکمل طور پر محفوظ ہیں اور دشمن کی پہنچ سے باہر ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی عسکری پیداوار ایسے خفیہ مقامات پر کی جاتی ہے جن تک دشمن کی نہ رسائی ہے اور نہ ہی انہیں ان کی مکمل معلومات حاصل ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی دفاعی صلاحیتیں وسیع اور پیچیدہ ہیں جن کا مکمل اندازہ مخالفین کو نہیں ہے۔ترجمان نے مزید خبردار کیا کہ اگر ایران کی اسٹریٹجک تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو یہ ایک سنگین غلطی ہوگی، کیونکہ جن مقامات کو ہدف بنانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں وہ درحقیقت غیر اہم ہیں۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اگر تنازع شدت اختیار کرتا ہے تو یہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایران کے مخالفین مکمل پسپائی اختیار نہیں کر لیتے اور انہیں بھاری نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی قیادت کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث صورتحال کو نہایت حساس اور اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز