Home » پاکستان کی ثالثی رنگ لے آئی،ایران نے امریکا کے لیے جواب پاکستان کو بھجوا دیا،وزیر اعظم کو فیلڈ مارشل نے بتا دیا

پاکستان کی ثالثی رنگ لے آئی،ایران نے امریکا کے لیے جواب پاکستان کو بھجوا دیا،وزیر اعظم کو فیلڈ مارشل نے بتا دیا

by ahmedportugal
8 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی سفارتی کوششوں نے اہم پیش رفت دکھاتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے، جہاں ایران نے امریکا کے لیے اپنا باضابطہ جواب پاکستان کو ارسال کر دیا ہے۔ وزیراعظم کو اس پیش رفت سے فیلڈ مارشل کی جانب سے آگاہ کیے جانے کے بعد یہ معاملہ سفارتی سطح پر ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو نہ صرف مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے بلکہ خطے میں امن کے قیام کی نئی امید بھی پیدا کر رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کے سلسلے میں اپنا باضابطہ جواب پاکستان کو پہنچا دیا ہے، جس سے خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ اطلاع فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے دی گئی، جس کے مطابق ایران کا موقف اب پاکستان کے ذریعے امریکا تک پہنچایا جائے گا۔یہ اعلان پاکستان مونومنٹ پر معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کیا گیا، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری، مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول و عسکری قیادت، غیر ملکی سفرا اور شہدا کے لواحقین بھی شریک تھے۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں کی سلامی سے ہوا جبکہ شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں معرکہ حق کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا گیا،جس کے نتیجے میں دشمن کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کو ترجیح دی تاہم جب ملک پر جنگ مسلط کی گئی تو مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔انہوں نے اس موقع پر بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی لیکن دشمن نے بغیر ثبوت کے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔وزیراعظم کے مطابق ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکا جبکہ پاکستان کی کامیاب حکمت عملی نے عالمی سطح پر اس کا موقف مضبوط کیا۔

وزیراعظم نے 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قومی عزم،اتحاد اور قربانیوں کی یاد تازہ کرے گا۔انہوں نے شہدا،ان کے اہل خانہ اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی۔خطاب کے دوران انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے کلیدی سفارتی کردار ادا کیا۔ انہوں نے برادر ممالک اور عالمی رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے جنگ بندی ممکن ہوئی اور مذاکرات کا عمل آگے بڑھا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر امن،انصاف اور مظلوم اقوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہا ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی بے مثال قربانیاں دی گئی ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی اور استحکام میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے امریکا کی تجاویز پر دیا گیا جواب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان کی ثالثی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز