Home » ایران کے جوابی وار،امریکی اڈوں،آئل ریفائنری اور بحری جہاز نشانے پر،سینکڑوں ہلاکتوں کا دعویٰ

ایران کے جوابی وار،امریکی اڈوں،آئل ریفائنری اور بحری جہاز نشانے پر،سینکڑوں ہلاکتوں کا دعویٰ

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

تہران (ایگزو نیوز ڈیسک)امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد تہران کے جوابی اقدامات نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو غیر معمولی سطح تک پہنچا دیا ہے۔ ایرانی فوج نے بحرین میں امریکی بحریہ کے ہیڈکوارٹر اور دیگر فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کارروائیوں میں 160 امریکی اہلکار ہلاک ہوئے تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے جنوبی لبنان کے حولا گاوں میں ایک اسرائیلی ٹینک اور بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے،یہ کارروائی لبنان کے شہروں اور دیہاتوں پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں کی گئی،خلیج میں توانائی تنصیبات بھی زد میں آئیں۔
خبر رساں ادارے ”رائٹرز“نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل کمپنی سعودی آرامکو کی راس تنورہ ریفائنری پر میزائل نما شے گرنے کی اطلاع ملی ہے۔سعودی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے تنصیبات متاثر ہوئیں اور عارضی طور پر آپریشن معطل کرنا پڑا تھا۔ایرانی میڈیا کے مطابق چار روز سے جاری حملوں میں 787 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایک امریکی انسانی حقوق تنظیم نے ہلاکتوں کی تعداد 742 بتائی ہے جن میں 176 بچے شامل ہیں۔بعد ازاں ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ مجموعی ہلاکتیں ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ان اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔

بحرِ ہند میں کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب سری لنکا کے ساحل کے قریب ایک ایرانی بحری جہاز پر مبینہ طور پر آبدوز سے حملے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ سری لنکن نیوی ذرائع نے بتایا کہ واقعے میں کم از کم 101 افراد لاپتا ہو گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق گالے کے ساحل سے تقریباً 40 کلومیٹر دور جہاز سے ڈسٹریس سگنل موصول ہوا اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ایرانی سفارت کار متاثرہ افراد سے ملاقات اور واقعے کی وجوہات جاننے میں مصروف ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایرانی بحری جہاز ’آئی آر آئی ایس دینا‘ رواں برس بھارت میں ہونے والی انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں شریک ہوا تھا،جہاں متعدد ممالک کے جنگی جہاز موجود تھے۔

ادھر قطر میں امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ قطر کی فضائی حدود بدستور بند ہیں اور فضائی آپریشن معطل ہیں۔سعودی عرب کی زمینی سرحد کھلی ہونے کی اطلاع ہے۔ترکیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نیٹو دفاعی نظام کے ذریعے ایران کی جانب سے آنے والے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا۔ترک وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے رابطہ کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا اور کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز پر زور دیا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے ایف 35 آئی لڑاکا طیارے نے تہران کی فضائی حدود میں روسی ساختہ ایرانی ’یاک 130‘ طیارہ مار گرایا۔اسرائیلی حکام کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب ایف 35 نے کسی انسان بردار جنگی طیارے کو نشانہ بنایا ہو۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کے خلاف سخت بیانات سامنے آئے ہیں جبکہ عالمی سطح پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔اقوام متحدہ اور مختلف ممالک نے فوری جنگ بندی اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔ماہرین کے مطابق تیل و گیس تنصیبات،بندرگاہوں اور بحری راستوں پر حملوں سے عالمی توانائی منڈیاں شدید متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ آبنائے ہرمز اور بحرِ ہند میں بحری سرگرمیوں کی معطلی عالمی تجارت کے لیے سنگین چیلنج بن سکتی ہے۔موجودہ صورتحال نے خطے کو ایک وسیع تر جنگ کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے اور عالمی برادری کی نظریں آئندہ پیش رفت پر مرکوز ہیں ۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز