Home » ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار،دھمکیوں کے سائے میں بات چیت نامنظور قرار،مذاکراتی عمل مکمل طور پر تعطل کا شکار

ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار،دھمکیوں کے سائے میں بات چیت نامنظور قرار،مذاکراتی عمل مکمل طور پر تعطل کا شکار

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے امریکا کے ساتھ جاری سفارتی عمل پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دھمکیوں اور دباو کے ماحول میں کسی بھی قسم کے مذاکرات قابلِ قبول نہیں ہوں گے۔تہران کی جانب سے مذاکراتی عمل سے باضابطہ انکار کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں تعطل پیدا ہو گیا ہے،جس سے خطے کی مجموعی صورتحال مزید غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں واضح کیا ہے کہ ایران کسی صورت بھی دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات قبول نہیں کرے گا،موجودہ حالات میں امریکا مذاکراتی عمل کو دباو اور شرائط کے ذریعے اپنے حق میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے،جو ناقابل قبول ہے،اسی تناظر میں ایران نے امریکا کے ساتھ مزید مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے سفارتی عمل کو فی الحال معطل کر دیا ہے۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مذاکرات کو سمجھوتے کے بجائے دباو ڈالنے اور ہتھیار ڈالنے کے عمل میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں،ایران پر دباو بڑھا کر کسی بھی قسم کا نتیجہ حاصل نہیں کیا جا سکتا،ایران کسی بھی ایسی میز پر نہیں بیٹھے گا جہاں دھمکیوں کو بنیاد بنایا جائے۔قالیباف نے مزید کہا کہ ایران گزشتہ عرصے میں ہر ممکن صورتحال کے لیے خود کو تیار کر چکا ہے اور دشمن کے کسی بھی اقدام کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران ایک جانب سفارتی راستہ کھلا رکھے ہوئے ہے لیکن دوسری جانب قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی جاری ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پیشگی مطالبات برقرار ہیں اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کو کسی صورت میدان جنگ کا تسلسل نہیں بننے دیا جائے گا،تمام فیصلے قومی مفاد اور سلامتی کے اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے۔نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادے نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ حد سے بڑھتے ہوئے مطالبات ترک کرے اور ایرانی عوام کے حقوق کا احترام کرے،بحران کا واحد حل سفارت کاری ہے تاہم امریکا کا موجودہ رویہ کسی مثبت نتیجے کی طرف نہیں لے جا رہا۔

ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا مذاکرات میں سنجیدہ نہیں اور اس کے حالیہ اقدامات سے واضح ہے کہ وہ سفارتی عمل کو آگے بڑھانا نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور ایران نے اس صورتحال سے متعلق پاکستان کو بھی آگاہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے بحری ناکہ بندی اور مسلسل الزام تراشی خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا اور کسی بھی دباو کے آگے نہیں جھکے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز