Home » ایران کا بڑا سفارتی قدم،برطانیہ،جرمنی اور فرانس سے سفیر واپس طلب،ٹرگر میکانزم پر سخت ردعمل

ایران کا بڑا سفارتی قدم،برطانیہ،جرمنی اور فرانس سے سفیر واپس طلب،ٹرگر میکانزم پر سخت ردعمل

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران نے جوہری پروگرام اور پابندیوں کے حوالے سے اہم پیشرفت میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس میں تعینات اپنے سفیروں کو فوری طور پر واپس بلا لیا ہے۔ یہ فیصلہ تہران نے تینوں یورپی ممالک کی جانب سے ”ٹرگر میکانزم“ کو فعال کرنے کے اقدام کے خلاف بطور احتجاج کیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے تصدیق کی کہ یہ اقدام یورپی ممالک کے فیصلے کے جواب میں اٹھایا گیا، جسے تہران نے غیر ذمہ دارانہ اور ظالمانہ قرار دیا۔ ایران نے واضح کیا کہ یورپی ٹرائیکا کی شرائط ناقابلِ قبول ہیں اور تہران کسی دباو میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران یورپی رہنماوں سے مذاکرات کیے تھے تاہم وہ بات چیت کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ اس ناکامی کے بعد ایران کا ردعمل مزید سخت ہوگیا۔ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے بھی اعتراف کیا کہ یورپی ممالک کے ساتھ مشاورت اور سفارتی رابطے توقعات کے مطابق نہیں رہے۔ دوسری جانب ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور جوہری پروگرام کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا، چاہے اس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ نافذ ہی کیوں نہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی دباو کے سامنے سرنگوں نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے 28 اگست کو وہ اقدام اٹھایا جسے “snapback” یا ”ٹرگر میکانزم“ کہا جاتا ہے۔ تینوں ممالک نے سلامتی کونسل کو اطلاع دی کہ ایران نے معاہدے پر مطلوبہ عمل درآمد نہیں کیا اور اس کی کارکردگی انتہائی پست رہی ہے۔ اس میکانزم کے تحت اگر سلامتی کونسل نے اسے روکنے کی قرارداد منظور نہ کی تو 30 دن کے اندر ایران پر اقوام متحدہ کی تمام سابقہ پابندیاں دوبارہ نافذ ہو جائیں گی۔یہ پیشرفت ایران اور یورپی طاقتوں کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا رہی ہے اور ماہرین کے مطابق اگر یہ عمل آگے بڑھا تو نہ صرف ایران پر اقتصادی دباو میں اضافہ ہوگا بلکہ مشرق وسطیٰ میں سفارتی تناو بھی سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز