Home » آبنائے ہرمز پر ایران کا سخت پیغام،بحری جہازوں کے لئے نئی شرائط کا اعلان

آبنائے ہرمز پر ایران کا سخت پیغام،بحری جہازوں کے لئے نئی شرائط کا اعلان

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک) خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی مذاکرات کے دوران ایران نے اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے سخت سیکیورٹی ضوابط نافذ کر دیے ہیں،جس کے بعد عالمی شپنگ اور تجارتی سرگرمیوں پر اثرات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق اب ہر بحری جہاز کو اس گزرگاہ سے عبور کرنے سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی نیوی سے پیشگی رابطہ کرنا لازمی ہوگا، جبکہ جہازوں کو صرف مخصوص اور متعین کردہ سمندری راستوں تک محدود رکھا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حساس سمندری حدود میں سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹنا ہے۔پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق یہ فیصلے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور آبی راستوں میں اینٹی شپ بارودی سرنگوں کی موجودگی کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں،جو بین الاقوامی بحری نقل و حمل کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔یہ پیش رفت امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے اعلان اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی مذاکرات کے دوران سامنے آئی ہے،جس کا مقصد کشیدگی میں کمی لانا تھا تاہم موجودہ صورتحال نے اس جنگ بندی کے اثرات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

دوسری جانب بین الاقوامی شپنگ کمپنیاں اور تجارتی ادارے اس غیر یقینی صورتحال کے باعث شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔مزید برآں ایران اور پاکستان کے حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنگ بندی کے دائرہ کار میں لبنان بھی شامل ہے تاہم اسرائیل نے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے لبنان میں فضائی کارروائیاں جاری رکھی ہیں،جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔یاد رہے کہ آبنائے ہرمز میں سخت سیکیورٹی اقدامات عالمی توانائی سپلائی چین کو متاثر کر سکتے ہیں، کیونکہ یہ گزرگاہ دنیا میں تیل کی ترسیل کا ایک اہم ترین راستہ ہے۔ موجودہ حالات میں بین الاقوامی بحری تنظیمیں صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ایران اپنی سیکیورٹی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز