Home » پاکستان زندہ باد،ایرانی وزیر خارجہ کا دوٹوک موقف،اسلام آباد مذاکرات سے انکار کی افواہیں دم توڑ گئیں

پاکستان زندہ باد،ایرانی وزیر خارجہ کا دوٹوک موقف،اسلام آباد مذاکرات سے انکار کی افواہیں دم توڑ گئیں

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسلام آباد مذاکرات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران نے کبھی بھی پاکستان میں مجوزہ مذاکرات میں شرکت سے انکار نہیں کیا،انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور ”پاکستان زندہ باد“ کا نعرہ لگا کر دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا اظہار بھی کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے حوالے سے جاری خبروں اور قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران نے کبھی بھی اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات میں شرکت سے انکار نہیں کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ایسے حل کا حامی ہے جو جنگ کے مکمل اور مستقل خاتمے کی ضمانت دے۔ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل قدر ہیں اور ایران اس پر تہہ دل سے شکر گزار ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے اور اس ضمن میں کسی بھی مثبت پیش رفت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے مغربی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے موقف کو دانستہ طور پر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے اور اسلام آباد مذاکرات سے انکار کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ان کے مطابق اس قسم کی اطلاعات ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد حقائق کو مسخ کرنا ہے۔اپنے بیان میں عباس عراقچی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ کے خاتمے کے لیے صرف عارضی اقدامات نہیں بلکہ دیرپا اور منصفانہ شرائط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی ایسے حل میں دلچسپی رکھتا ہے جو خطے میں حقیقی اور مستقل امن کو یقینی بنائے۔

علاوہ ازیں انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ حساس تنصیبات خصوصاً نیوکلیئر پاور پلانٹس کے قریب حملوں کے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں۔ان کے بقول ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی سنگین ماحولیاتی اور انسانی بحران کو جنم دے سکتے ہیں،جس کے اثرات خلیجی ممالک تک پھیل سکتے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے امریکہ اور اسرائیل پر ایران کی توانائی اور پیٹروکیمیکل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں سنجیدہ،متوازن اور منصفانہ اقدامات ہی کشیدگی کے خاتمے کا واحد راستہ ہیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے نہ صرف پاکستان کا شکریہ ادا کیا بلکہ اردو زبان میں ”پاکستان زندہ باد“ کا نعرہ بھی لگایا،جسے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی ایک علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز