Home » ایران میں پھانسیاں جاری،حکومت مخالف مظاہروں میں ملوث مزید 3 افراد کو سزائے موت

ایران میں پھانسیاں جاری،حکومت مخالف مظاہروں میں ملوث مزید 3 افراد کو سزائے موت

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد جاری کریک ڈاون کے دوران مزید تین افراد کو سزائے موت دے دی گئی ہے،جس سے ملک میں بڑھتی ہوئی سخت کارروائیوں اور انسانی حقوق کی صورتحال پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔حکام کے مطابق یہ افراد پرتشدد واقعات میں ملوث تھے جبکہ ناقدین ان اقدامات کو عدالتی شفافیت اور انصاف کے تقاضوں کے برعکس قرار دے رہے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں کریک ڈاون کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے،جہاں حکام نے مزید تین افراد کو سزائے موت دے دی۔ایرانی عدلیہ کے مطابق ان افراد کو مشہد میں جنوری کے دوران ہونے والے مظاہروں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر پھانسی دی گئی۔سرکاری موقف کے مطابق مہدی رسولی اور محمد رضا میری پر الزام تھا کہ وہ غیر ملکی خفیہ ایجنسی سے وابستہ تھے اور انہوں نے نہ صرف پرتشدد کارروائیوں میں حصہ لیا بلکہ ایک سیکیورٹی اہلکار کے قتل میں بھی براہ راست ملوث رہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد نے مظاہروں کے دوران آتش گیر مواد اور خطرناک ہتھیار استعمال کیے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے میں کردار ادا کیا۔اسی سلسلے میں ایک اور ملزم ابراہیم دولت آبادی کو بھی مشہد میں ہونے والے پرتشدد واقعات کا مرکزی کردار قرار دیتے ہوئے سزائے موت دی گئی۔ان واقعات میں متعدد سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

حکام کے مطابق تینوں سزائیں اعلیٰ عدالتی سطح پر توثیق کے بعد نافذ کی گئیں۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دسمبر اور جنوری میں شروع ہونے والے مظاہرے ابتدا میں مہنگائی کے خلاف پرامن احتجاج تھے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہو گئے،جن کے پیچھے غیر ملکی طاقتوں کا ہاتھ قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ان کے مطابق کئی مقدمات میں شفاف قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور بعض اعترافی بیانات مبینہ طور پر دباو کے تحت حاصل کیے گئے۔رپورٹس کے مطابق حالیہ عرصے میں سزائے موت پر عملدرآمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ایران ان ممالک میں شامل ہے جہاں یہ شرح دنیا میں سب سے زیادہ شمار کی جاتی ہے۔مبصرین کے مطابق ایران میں جاری یہ صورتحال نہ صرف داخلی سطح پر کشیدگی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کے حوالے سے بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے جبکہ حکومتی موقف اور بین الاقوامی ردعمل کے درمیان واضح تضاد برقرار ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز