Home » ایران شعلوں میں گھر گیا،سڑکیں میدانِ جنگ،خونریز احتجاج بے قابو،درجنوں ہلاک،ہزاروں گرفتار

ایران شعلوں میں گھر گیا،سڑکیں میدانِ جنگ،خونریز احتجاج بے قابو،درجنوں ہلاک،ہزاروں گرفتار

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)ایران میں مہنگائی اور معاشی بحران کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب ملک گیر بغاوت کی شکل اختیار کر چکا ہے،جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں،اہم شہروں میں ٹائر جلائے جا رہے ہیں اور سڑکیں مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں،جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں،حکومت اور سکیورٹی فورسز نے طاقت کے استعمال سے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی تاہم تصادم کے دوران درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں گرفتار ہو چکے ہیں،انٹرنیٹ سروس کی بندش نے عالمی توجہ کو مزید متحرک کر دیا ہے جبکہ امریکی اور بین الاقوامی حلقے ایران کی داخلی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ایران اس وقت ایک انتہائی نازک موڑ پر کھڑا ہے،جہاں عوامی غصہ،ریاستی طاقت اور عالمی دباو ایک ساتھ ٹکرا رہے ہیں اور ملک کے مستقبل پر اس کے اثرات غیر یقینی حد تک سنگین دکھائی دے رہے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایران میں شدید معاشی بحران کے خلاف شروع ہونے والے ملک گیر مظاہرے بارہ روز گزرنے کے باوجود تھمنے کے بجائے مزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔ 28 دسمبر سے جاری احتجاجی لہر اب 27 صوبوں اور 100 سے زائد شہروں تک پھیل چکی ہے،جہاں دکانداروں،مزدوروں اور شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔تازہ مظاہروں کے دوران اہم شہروں میں ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دی گئیں،جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔انسانی حقوق کے غیر ملکی اداروں کے مطابق حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک سکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم 47 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 2500 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔تہران اور مشہد میں رات گئے بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مارچ کیے گئے،جہاں مظاہرین نے مہنگائی،بے روزگاری اور کرنسی کی قدر میں تاریخی گراوٹ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ایرانی حکام نے ایک بار پھر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل کر دی ہے۔

انٹرنیٹ مانیٹرنگ ادارے نیٹ بلاکس نے بندش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ بندش کی باضابطہ وجہ سامنے نہیں آئی تاہم ایران ماضی میں بھی احتجاجی تحریکوں کے دوران انٹرنیٹ سروس معطل کرتا رہا ہے۔ادھر ترکیے نے سکیورٹی خدشات کے باعث استنبول سے تہران جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق بعض مقامات پر ہتھیاروں سے لیس افراد نے پولیس پر پتھراو کیا اور براہِ راست فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔کرمانشاہ میں مظاہروں کے دوران فائرنگ کی ویڈیوز منظرِ عام پر آ گئی ہیں،جن میں نقاب پوش افراد کو اسلحہ استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔صورتحال پر قابو پانے اور احتجاج کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ملک بھر میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مظاہروں کے پس منظر میں امریکا پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ہاتھ ایرانی عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور بعض شرپسند عناصر عوامی املاک کو نقصان پہنچا کر بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ احتجاج عوام کا حق ہے مگر احتجاج اور فساد میں واضح فرق ہے،حکومت مظاہرین سے بات کر سکتی ہے لیکن تخریب کاروں سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ادھر ایرانی وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ سے ریاستی خودمختاری کے تحفظ اور بیرونی مداخلت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے داخلی معاملات پر امریکی بیانات کھلی مداخلت اور دھوکا دہی کے مترادف ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر نے ایک انٹرویو میں دھمکی دی ہے کہ اگر احتجاج کے دوران مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا ایران کو نہایت سخت اور بھرپور جواب دے گا۔ایران اس وقت ایک ایسے نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں معاشی دباو،عوامی غصہ،ریاستی طاقت اور عالمی ردعمل ایک دوسرے سے ٹکرا رہے ہیں اور یہ بحران نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے سنگین نتائج کا پیش خیمہ بنتا دکھائی دے رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز