Home » امریکا کو شدید ضرب لگانا اولین ہدف،دشمن کو انجام تک پہنچائے بغیر جنگ ختم نہیں ہوگی،ایران کا دبنگ اعلان

امریکا کو شدید ضرب لگانا اولین ہدف،دشمن کو انجام تک پہنچائے بغیر جنگ ختم نہیں ہوگی،ایران کا دبنگ اعلان

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

تہران(ایگزو نیوز ڈیسک)خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران نے سخت اور جارحانہ موقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دشمن کو انجام تک پہنچائے بغیر جنگ ختم نہیں کی جائے گی جبکہ امریکا کو شدید ضرب لگانا ایران کا اولین ہدف قرار دیا گیا ہے،جس سے خطے میں ممکنہ طویل اور شدید فوجی تصادم کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے مرکزی آپریشنل مرکزکے کمانڈر کیومرس حیدری نے اعلان کیا ہے کہ وہ دشمن کو انجام تک پہنچائے بغیر جنگ بند نہیں کرے گا اور اپنے طے شدہ اہداف کے حصول تک فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا جبکہ امریکا کو شدید ضرب لگانا ایران کا اولین ہدف قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی دباو کے تحت جنگ ختم نہیں کرے گا اور دشمن کو شرمناک انجام تک پہنچانے تک اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا،خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال مسلسل سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ایرانی کمانڈر کے مطابق ایران اپنے طے شدہ سٹریٹجک اہداف کے حصول تک جنگ جاری رکھنے کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کے بین الاقوامی دباو کو قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کو شدید ضرب لگانا ایران کی اولین ترجیح ہے اور ایرانی افواج اس مقصد کے حصول کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گی۔کمانڈر کیومرس حیدری نے کہا کہ جنگ کتنے دن جاری رہتی ہے اس سے ایران کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ملک کو طویل جنگ لڑنے کا تجربہ حاصل ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ ایران اس سے قبل بھی آٹھ سال تک جاری رہنے والی عراق ایران وارمیں بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کر چکا ہے اور ضرورت پڑنے پر طویل عرصے تک لڑائی جاری رکھ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار امریکا ہے اور ایران نے اس اہم سمندری راستے کو بند نہیں کیا،ایرانی افواج زمین،فضا اور سمندر میں دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں اور امریکی فوج کو پہلی مرتبہ سخت نوعیت کی جنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کی طاقتور فوجی تنظیم پاسدران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی بحریہ نے جمعرات کی صبح خلیج کے شمالی حصے میں ایک امریکی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے۔پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادی یورپی ممالک کے فوجی اور تجارتی جہازوں کو خطے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر ایسے جہازوں کی موجودگی دیکھی گئی تو انہیں یقینی طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔تنظیم کے مطابق بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کے تحت جنگی حالات میں ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس حوالے سے ایران نے واضح کیا کہ وہ اپنی قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔ادھر خلیجی خطے میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے سخت فوجی موقف اختیار کیے جانے کے باعث خطے کی سلامتی، توانائی کی عالمی سپلائی لائنز اور اہم بحری تجارتی راستوں کے مستقبل کے حوالے سے عالمی سطح پر خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز