امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد شورش زدہ ضلع کرم میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بحال کر دی گئی ہے۔
مواصلاتی خدمات کی بحالی کے باوجود پشاور پاراچنار روڈ سمیت ٹرانسپورٹ کے بڑے راستے بند ہیں۔ جس کے نتیجے میں خوراک، ادویات اور ایندھن جیسی ضروری اشیاء کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود نے کہا کہ انتظامیہ سڑکوں کی بندش سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔
دریں اثنا، ایک امن جرگہ مسلسل چوتھے روز قبائلی عمائدین کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
ضلع کرم میں حالیہ جھڑپوں میں مرنے والوں کی تعداد 130 سے تجاوز کر گئی ہے۔ جس کے بعد مقامی پولیس امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔