اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ بنیادوں پر نیا نظام متعارف کرانے کی جانب اہم پیشرفت کرتے ہوئے صنعتی شراکت داروں سے مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے، جسے متعلقہ حلقوں کی جانب سے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل،آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان، ریفائنریز،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجوزہ روزانہ قیمتوں کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا اور مختلف سٹیک ہولڈرز نے اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس کے دوران صنعتی نمائندوں نے مجوزہ نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے نظام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ایک شفاف اور قابلِ عمل فارمولے کے ذریعے کیا جائے گا،جو بین الاقوامی مارکیٹ کے اتار چڑھاو اور مقامی عوامل کو مدنظر رکھے گا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ناجائز منافع خوری، استحصال اور غیر معمولی مالی فوائد کے امکانات محدود ہوں گے جبکہ صارفین کو سیاسی بنیادوں پر ہونے والی قیمتوں کی غیر ضروری تبدیلیوں سے بھی تحفظ ملے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد ایک ایسا نظام متعارف کرانا ہے جو شفافیت،مسابقت اور استحکام کو فروغ دے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ یہ اقدام وزیراعظم کی ہدایت پر جاری ڈی ریگولیشن پالیسی کا حصہ ہے،جس کے تحت مرحلہ وار حکومتی مداخلت کم کر کے مارکیٹ کو زیادہ خودمختار بنایا جا رہا ہے۔اوگرا حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ روزانہ قیمتوں کے نظام کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بروقت قیمتوں کے اعلان کے لیے اپنے تکنیکی نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں سپلائی چین مینجمنٹ، ذخائر کی دستیابی، ریئل ٹائم ڈیٹا اور دیگر آپریشنل امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ روزانہ قیمتوں کے نظام کے موثر نفاذ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے،جو صنعت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے تمام تکنیکی اور عملی مسائل کو اتفاقِ رائے سے حل کرے گی۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مزید مشاورتی اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ اس نظام کو حتمی شکل دے کر موثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔علی پرویز ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوامی مفاد کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم شعبے کی پائیدار ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔