بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی کہ وہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے رہنما خطوط پر عمل کرے گا، جس میں میزبان ملک کا نام اور بھارت کی جرسیوں پر سرکاری لوگو کی نمائش شامل ہے۔
ایک بھارتی نیوز پورٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے بی سی سی آئی کے نئے سیکرٹری دیواجیت سائکیا نے یقین دلایا کہ بھارتی ٹیم کی جرسی پر ٹورنامنٹ کا آفیشل لوگو ہوگا جس میں پاکستان کا نام بھی شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی کی تمام ہدایات پر عمل کریں گے۔
واضح رہے کہ اس ہفتے کے شروع میں، رپورٹس سامنے آئیں تھیں کہ بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے میزبان ملک پاکستان کے نام والی جرسی پہننے سے انکار کر دیا ہے۔
ان رپورٹس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی پاکستان کی حمایت کرے گا اور اس طرح کے اقدامات کو روکے گا۔
پی سی بی نے کہا کہ بی سی سی آئی کرکٹ میں سیاست کو لا رہا ہے، جو کھیل کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا، افتتاحی تقریب کیلئے اپنے کپتان کو نہیں بھیجیں گے، اور اب رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی جرسیوں پر پاکستان کا نام نہیں چاہتے۔
پی سی بی نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ عالمی گورننگ باڈی کے طور پر آئی سی سی اس معاملے میں پاکستان کی حمایت کرے گا۔
بعد ازاں آئی سی سی نے واضح کیا کہ ٹورنامنٹ کا آفیشل لوگو ڈسپلے کرنا، بشمول میزبان ملک کا نام، تمام شریک ٹیموں کیلئے لازمی شرط ہے۔