راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے ضلع خاران میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے ہوئے سٹی پولیس سٹیشن اور بینکوں کو نشانہ بنایا اور لاکھوں روپے لوٹ لیے تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جنوری 2026 کو فتن? الہندوستان کے تقریباً 15 سے 20 دہشت گردوں نے خاران سٹی میں سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملے کیے۔ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں نے بینکوں سے مجموعی طور پر 34 لاکھ روپے لوٹ لیے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا،جس کے باعث وہ پسپا ہونے پر مجبور ہو گئے۔بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران تین مختلف مقامات پر ہونے والے مقابلوں میں 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کا سٹی پولیس سٹیشن میں یرغمال بنانے کا منصوبہ بھی سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں ناکام بنا دیا۔علاقے اور اس کے گردونواح میں کسی بھی ممکنہ باقی ماندہ دہشت گرد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔
خاران میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی ناکام،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پولیس سٹیشن اور بنکوں کو نشانے بنانے والے 12 دہشت گرد ہلاک
1