بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کے بعد بھارتی میچ آفیشلز نے بھی ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کوئی بھی بھارتی امپائر یا میچ ریفری ایونٹ کے آفیٹنگ پینل کا حصہ نہیں ہوگا۔ میچ ریفری جواگل سری ناتھ اور امپائر نتن مینن نے مبینہ طور پر پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ان کے انکار کے بعد آئی سی سی نے انہیں پینل میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری ناتھ نے آئی سی سی سے چھٹی لے لی ہے، جبکہ مینن نے دورے سے باہر ہونے کی ذاتی وجوہات بتائی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق فاسٹ باؤلر جواگل سری ناتھ نے 67 ٹیسٹ اور 229 ون ڈے میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی، اپنے کیریئر کے دوران 236 ٹیسٹ اور 315 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں۔