نئی دہلی(ایگزو نیوز ڈیسک)بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں انڈین ائیر فورس کا ایک جدید جنگی طیارہ پراسرار طور پر لاپتا ہو گیا ہے جس کے بعد حکام نے فوری طور پر وسیع سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاپتا ہونے والا طیارہ روسی ساختہ Sukhoi Su-30MKI تھا جس نے معمول کی تربیتی پرواز کے لیے ریاست آسام کے شہر وجرہاٹ میں واقع ایئربیس سے شام کے وقت اڑان بھری تھی، طیارے میں ایک پائلٹ اور ایک ویپن سسٹم آپریٹر (نیویگیٹر) سوار تھے۔فضائیہ کے مطابق طیارہ آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ کے فضائی علاقے میں پرواز کر رہا تھا جب اس کا کنٹرول روم سے رابطہ اچانک منقطع ہو گیا۔ بھارتی فضائیہ کے بیان کے مطابق طیارے کا آخری رابطہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر ہوا تھا جس کے بعد اس کا ریڈار سگنل بھی غائب ہو گیا۔رابطہ منقطع ہونے کے فوراً بعد بھارتی فضائیہ نے ہنگامی بنیادوں پر سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق طیارے اور اس میں سوار عملے کا سراغ لگانے کے لیے فضائی اور زمینی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں ہیلی کاپٹرز اور سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق ضلع کاربی آنگلونگ کے جنگلاتی علاقے میں رہنے والے بعض افراد نے اسی وقت ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سننے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد طیارے کے ممکنہ طور پر گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم حکام نے تاحال اس دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے اور تلاش کا عمل جاری ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق سخوئی سیریز کے جنگی طیارے جدید ترین ملٹی رول لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتے ہیں جو فضائی برتری، زمینی اہداف پر حملوں اور مختلف دفاعی مشنز کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ بھارتی فضائیہ کے بیڑے میں یہ طیارے اہم حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں جدید ہتھیاروں اور الیکٹرانک سسٹمز سے لیس کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے لاپتا ہونے کی اصل وجہ، ممکنہ حادثے اور عملے کی حالت کے بارے میں حتمی معلومات سرچ اور ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی، جبکہ فضائیہ کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات بھی شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی فضائیہ کا جدید سخوئی جنگی طیارہ پراسرار طور پر لاپتا،آسام کے جنگلات میں گرنے کا خدشہ
1