Home » کھیل میں سیاست یا اوچھے ہتھکنڈے؟بھارت کا ایشیا کپ جیتنے کی صورت میں محسن نقوی کے ہاتھوں ٹرافی وصول کرنے سے انکار

کھیل میں سیاست یا اوچھے ہتھکنڈے؟بھارت کا ایشیا کپ جیتنے کی صورت میں محسن نقوی کے ہاتھوں ٹرافی وصول کرنے سے انکار

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کا فائنل ابھی کھیلا بھی نہیں گیا،کوئی ٹیم کوالیفائی بھی نہیں کر پائی لیکن بھارتی میڈیا اور کرکٹ بورڈ نے غیر معمولی ہتھکنڈے شروع کر دیے ہیں،بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ایشین کرکٹ کونسل(اے سی سی)کو پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ جیتتا ہے تو وہ چیئرمین پی سی بی و چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کریں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق یہ پیغام بھارتی ٹیم مینجمنٹ کے ذریعے اے سی سی کو باقاعدہ پہنچا دیا گیا ہے،جس نے معاملے کو مزید سنگین کر دیا ہے۔یاد رہے کہ ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں ہونا ہے اور اس سے قبل ہی بھارتی رویہ کھیل کے بجائے سیاست کے غلبے کی جھلک دکھا رہا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کے تنازع نے فضا کو پہلے ہی کشیدہ کر دیا تھا اور اب بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصولی کے معاملے کو متنازع بنانا کھیل کی روح کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نہ صرف اے سی سی کے موجودہ سربراہ ہیں بلکہ ایونٹ کی روایت کے مطابق چیمپئن ٹیم کو ٹرافی وہی پیش کرتے ہیں۔بھارت کی اس ہٹ دھرمی نے کھیل کے بجائے انا کو مقدم رکھنے کا تاثر دیا ہے۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ بھی سخت موقف پر قائم ہے۔پی سی بی نے آئی سی سی کو ایک اور خط لکھ کر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی تبدیلی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ اگر متنازع ریفری کو نہ ہٹایا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے باقی میچز کے بائیکاٹ پر قائم رہے گا۔بورڈ نے آئی سی سی انکوائری کو بھی محض رسمی کارروائی قرار دیا ہے کیونکہ نہ تمام پہلووں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ افراد سے رابطہ کیا گیا۔یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی ہے جب ٹورنامنٹ ابھی فائنل مرحلے تک بھی نہیں پہنچا۔ ایک طرف بھارتی میڈیا اور کرکٹرز کی ضد اور سیاست کھیل کو آلودہ کر رہی ہے، دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان تنازع نے ایونٹ کو غیر یقینی میں دھکیل دیا ہے۔محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ کھیل میں سپورٹس مین سپرٹ کی کمی دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے اور سیاست کو کھیل میں گھسیٹنا اس کی اصل روح کے خلاف ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ایشیا کپ کا انعقاد کھیل کے اصولوں کے مطابق مکمل ہو پاتا ہے یا پھر یہ ٹورنامنٹ سیاست،انا اور تنازعات کی نذر ہو جاتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز