by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

بنگلہ دیش کو ہرا کر بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا،دفاعی چمپئن سری لنکا ایونٹ سے باہر

دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کا فیصلہ کن معرکہ بھارت کے نام رہا، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں بھارت نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ دفاعی چیمپئن سری لنکا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپشیا کپ ٹی 20 سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں آج بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں مد مقابل آئیں،جہاں بنگلہ دیش کے کپتان جاکر علی نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،میچ کا آغاز بھارت کے جارحانہ بیٹنگ شو سے ہوا۔ اوپنر ابھیشک شرما نے بنگلادیشی بولرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ شمن گل نے بھی 19 گیندوں پر 29 رنز کی تیز باری کھیلی تاہم مڈل آرڈر کے بیٹرز زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔ کپتان سوریا کمار یادیو اور تلک ورما محض 5،5 رنز بنا سکے جبکہ شیوم دھوبے صرف 2 رنز پر پویلین لوٹے۔ اس موقع پر ہاردک پانڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 رنز بنائے اور ٹیم کو سہارا دیا، جب کہ اکشر پٹیل 10 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بورڈ پر سجا دیے۔بنگلادیش کے باولرز میں رشاد حسین سب سے نمایاں رہے جنہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مستفیض الرحمان، سیف الدین اور تنزیم حسن ساکب نے ایک ایک شکار کیا۔169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بلے باز بھارتی سپنرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ اوپنر سیف حسن نے 51 گیندوں پر 69 رنز کی فائٹنگ اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے لیکن دوسرے اینڈ سے کسی بیٹر نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ پرویز حسین 21 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، مگر باقی نو بیٹر ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔بھارت کے باولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ کلدیپ یادیو نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل اور تلک ورما نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔یوں پوری بنگلادیشی ٹیم 19.3 اوورز میں 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بھارت نے میچ 41 رنز سے جیت کر ایشیا کپ کے فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی سری لنکا کا ایونٹ میں سفر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز