دبئی(ایگزو نیوز ڈیسک)ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سب سے اہم اور ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کی توقع کی جا رہی تھی تا ہم بھارت نے یہ ہدف با آسانی حاصل کر لیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان کی جانب سے دیے گئے 128 رنز کے ہدف کو بھارتی بلے بازوں نے 15.5 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔کپتان سوریا کمار یادیو نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔دیگر نمایاں بلے بازوں میں ابیشیک شرما اور تلک ورما نے 31، 31 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ شبمن گل 10 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے تینوں بھارتی وکٹیں صائم ایوب کے حصے میں آئیں،جنہوں نے شاندار گیند بازی دکھائی لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تا ہم قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان ٹیم کو اچھی شروعات فراہم نہ کرسکے۔صائم ایوب بغیر کھاتہ کھولے ہاردک پانڈیا کی گیند پر بمراہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے جبکہ محمد حارث بھی صرف 6 کے مجموعی سکور پر بمراہ کی گیند پر پانڈیا کو کیچ تھما بیٹھے۔پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور ٹیم دباو کا شکار رہی۔فخر زمان نے 17 رنز،کپتان سلمان علی آغا نے 3،حسن نواز نے 5 اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔فہیم اشرف 11 رنز اور سفیان مقیم 10 رنز بنا سکے تا ہم شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 16 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا سکور 127 رنز تک پہنچایا۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔اکشر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے ایک ایک شکار کیا۔بھارت کی فتح کے بعد ایشیا کپ میں گرین شرٹس کے اگلے میچز مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں اور قومی ٹیم کو ایونٹ میں آگے بڑھنے کے لیے بھرپور کم بیک کی ضرورت ہوگی۔
ایشیا کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا،بھارت کی پاکستانی شاہینوں کو 7 وکٹوں سے عبرتناک شکست
4