بھارت نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی 2025 جیت لیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے، جبکہ مائیکل بریسویل نے 53 رنز جوڑے۔ بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی اور کلدیپ یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارت نے 252 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ کپتان روہت شرما نے 76 رنز بنائے ، آئر نے 48 جبکہ گل نے 31 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان سینٹنر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے زخمی تیز گیند باز میٹ ہنری کے بغیر فائنل کھیلا۔ نیتھن اسمتھ ان کے متبادل کے طور پر میدان میں اترے۔ بھارت اسی ٹیم کے ساتھ کھیلا جس نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔
گزشتہ مقابلوں میں، نیوزی لینڈ نے 2000 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی۔ 2002 میں بھارت اور سری لنکا نے مشترکہ ٹائٹل جیتا تھا، جبکہ بھارت نے 2013 میں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ تاہم 2017 میں بھارت کو پاکستان کے خلاف 180 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔