لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارش کے بعد سردی کا احساس بڑھ گیا۔ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 25 سے 28 فروری تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ سرگودھا شہر اور گردونواح میں بھی بارش اور تیز ہواؤں سے موسم سرد ہو گیا۔ بارش کے باعث شہر کے مختلف فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں بوندا باندی تو کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔