لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے ملک میں موسم سرد ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 فروری تک جاری رہے گا۔ بارش نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا ٹرانسمیشن سسٹم بری طرح متاثر کر دیا جس سے شہری مایوس ہو گئے۔ بارش اور فنی خرابی کے باعث درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ، قصور، اٹک، کالا باغ، بھکر، دریا خان، ننکانہ صاحب، مریدکے، ہنگو، گھوٹکی اور دیگر کئی شہروں سے بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ 19 فروری کی رات سے 21 فروری کی صبح تک پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا سبب بن سکتی ہے۔
پی ایم ڈی نے اس دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔