دوسرے ٹی 20 میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
148 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19 عشاریہ 4 اوورز میں 134 رنز ہی بنا سکی۔ پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی بابر اعظم اچھا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور صرف 3 رنز پر ہی آوٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان خان 52 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ عرفان خان 37 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسپینسر جانسن نے 26 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس کے علاوہ ایڈم زمپا نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسپینسر جانسن کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے میٹ شارٹ 32 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث روف نے 4 ، عباس آفریدی نے 3 جبکہ سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔