Home » عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا الزام،عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ نے توہین عدالت درخواست دوبارہ دائر کر دی

عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا الزام،عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ نے توہین عدالت درخواست دوبارہ دائر کر دی

by ahmedportugal
13 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر جاری قانونی کشمکش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،جہاں ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کیے جانے کے بعد اسے باقاعدہ نمبر الاٹ کردیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان کی درخواست کو سپریم کورٹ میں کرمنل اینڈ جنرل پٹیشن نمبر 8/2026 دیا گیا ہے۔درخواست گزار نے معاملے کی حساسیت اور عمران خان کی صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر کیس کی جلد سماعت کے لیے الگ درخواست بھی دائر کردی ہے۔جلد سماعت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ معاملہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور زندگی سے براہِ راست متعلق ہے،اس لیے توہین عدالت کی درخواست کو رواں ہفتے ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر عدالتی فیصلے سے متعلق کسی وضاحت کی ضرورت تھی تو متعلقہ حکام کو عدالت سے رجوع کرنا چاہیے تھا تاہم عدالتی حکم سے انحراف نہیں کیا جاسکتا۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے ابتدائی طور پر توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے اسے واپس کردیا تھا۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے بنیادی اعتراض یہ تھا کہ درخواست میں مبینہ طور پر توہین عدالت کے مرتکب افراد کے خلاف الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے رجسٹرار آفس کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض کے بعد مطلوبہ فہرست جمع کرا دی،جس کے نتیجے میں درخواست کے اعتراضات دور ہوگئے اور اسے دوبارہ دائر کیے جانے کے بعد باقاعدہ نمبر بھی الاٹ کردیا گیا۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق پی ٹی آئی نے درخواست کی جلد سماعت کے لیے بھی عدالت سے رجوع کیا ہے،عمران خان کی صحت ان کے لیے انتہائی اہم ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کے اہل خانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو عدالتی احکامات کے مطابق علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔درخواست گزار کی جانب سے متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی اور بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر مطلوبہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ،چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

اس معاملے کا پس منظر یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے کے لیے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ان کے اہل خانہ اور وکلا کی جانب سے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ عدالتی ہدایات کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے تھا۔تحریک انصاف نے اسی معاملے کو بنیاد بناتے ہوئے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کا الزام عائد کیا اور توہین عدالت کی کارروائی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اب اعتراضات دور ہونے اور درخواست کو باقاعدہ نمبر ملنے کے بعد معاملہ ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے سامنے آگیا ہے۔درخواست گزار کی جانب سے جلد سماعت کی استدعا کے باعث آئندہ کارروائی پر سیاسی اور قانونی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز