7
لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماوں شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل سے ایک مشترکہ خط جاری کیا ہے جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام قوم تک پہنچایا گیا ہے۔ خط کے مطابق عمران خان نے جیل سے ہدایت دی ہے کہ اس وقت تمام سیاسی و ذاتی کام ایک طرف رکھ کر سیلاب زدگان کی مدد کی جائے کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ انسانیت بچانے کا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل سے ایک مشترکہ خط جاری کیا ہے جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ہنگامی پیغام قوم تک پہنچایا گیا ہے۔ خط کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ملک سنگین معاشی بحران اور تباہ کن سیلاب کی زد میں ہے، ایسے وقت میں سیاست یا دیگر معاملات پر وقت ضائع کرنے کے بجائے تمام توانائیاں متاثرہ عوام کی مدد کے لیے وقف کر دی جائیں، ورنہ آنے والے دنوں میں یہ انسانی المیہ ناقابلِ کنٹرول ہو سکتا ہے،حالیہ بارشوں و سیلاب نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تباہی مچا دی ہے، خیبر پختونخوا میں اگرچہ بمشکل حالات پر قابو پایا گیا ہے اور بحالی کا کام جاری ہے لیکن پنجاب کی صورتحال انتہائی سنگین ہے، صوبے کے 25 اضلاع سیلاب کی لپیٹ میں آچکے ہیں جہاں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، آج کے دن تک تقریباً 25 سے 30 لاکھ افراد بری طرح متاثر ہو چکے ہیں اور ماہرین کے مطابق آئندہ دو روز میں یہ تعداد دگنی ہو سکتی ہے، متاثرین کی بڑی تعداد کے مقابلے میں صرف 60 سے 70 ہزار افراد کو ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جو کہ انتظامیہ کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ انسانی جانیں مسلسل ضائع ہو رہی ہیں، مویشی سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں اور کھڑی فصلیں تباہ و برباد ہو چکی ہیں، گندم، چاول، مکئی، آلو، کپاس اور سبزیوں کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں گندم کی بوری دگنی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ رہنماوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ریلیف پہنچانے کے لیے کوئی جامع حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔اس خط میں بھارت کے جارحانہ عزائم کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ بھارت کی نیت سب پر عیاں ہے لیکن وفاقی حکومت نے اس کے تدارک کے لیے کوئی واضح حکمت عملی نہیں بنائی، جو کہ ایک جیتی ہوئی جنگ ہارنے کے مترادف ہے۔پی ٹی آئی کے رہنماوں کے مطابق عمران خان نے جیل سے پیغام دیا ہے کہ قوم کی اصل جنگ اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کے خلاف ہے، سیاست، اقتدار اور اختلافات سب کچھ بعد میں دیکھا جا سکتا ہے لیکن اگر لاکھوں متاثرہ افراد کو فوری مدد نہ ملی تو یہ انسانی المیہ ناقابل تلافی نقصانات کا سبب بنے گا۔یہ خط نہ صرف متاثرہ علاقوں کے باسیوں کی دہائی ہے بلکہ قوم کے لیے ایک تنبیہ بھی کہ وہ ایک ہو کر اپنے ہم وطنوں کی زندگی بچانے کے لیے آگے آئیں۔