راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ایک اور مقدمے میں سزا سنائے جانے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا ہو گی تب ہی القادر ٹرسٹ کیس میں اُنہیں ضمانت ملے گی،سکرپٹ لکھا ہوا ہے،کارکن تمام تر دباو اور مشکلات کے باوجود اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ان کا حوصلہ کم نہیں ہوا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ القادر کیس میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اپنی نوکری پکی کر لی ہے لیکن کیس نہیں سن رہے،ان کو القادر میں چھ مہینے پہلے ضمانت دے دینی چاہئے تھی،جج شاہ رخ ارجمند اور جسٹس ڈوگر کی آپس میں کوارڈینیشن ہے،توشہ خانہ ٹو کیس کی کارروائی غیر معمولی عجلت میں کی جا رہی ہے اور یہ تمام عمل ایک مخصوص مقصد کے تحت دکھائی دیتا ہے،عمران خان کو بھی اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ فیصلہ ان کے خلاف ہی آئے گا اور انہیں ایک اور سزا سنائی جائے گی۔علیمہ خان نے موجودہ عدالتی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی غیر جانبدار اور منصفانہ فیصلے کی امید باقی نہیں رہی، عدالتی کارروائی کا رخ پہلے ہی متعین کر دیا گیا ہے اور انصاف کی فراہمی شکوک و شبہات کی زد میں آچکی ہے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے کردار پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ مین سٹریم میڈیا پر گفتگو اس لیے نہیں کرتیں کیونکہ وہاں جان بوجھ کر پلانٹڈ افراد کو بھیجا جاتا ہے جو سوالات کے پردے میں بدتمیزی اور ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں،اس طرح کے واقعات سے کارکن مشتعل ہو جاتے ہیں اور بعد ازاں ان کی گرفتاریاں عمل میں آتی ہیں۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت کو دباو میں لانے کے لیے رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف مسلسل نئے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں سیاسی طور پر دیوار سے لگایا جا سکے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن تمام تر دباو اور مشکلات کے باوجود اپنے قائد عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ان کا حوصلہ کم نہیں ہوا۔
عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزا سنانے کا فیصلہ پہلے ہی لکھا جا چکا،علیمہ خان کا تہلکہ خیز دعویٰ
6