راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اپنی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں محض ذہنی اذیت دینے کے لیے قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے مگر وہ نہ صرف مضبوط ہیں بلکہ اپنی جدوجہد سے پیچھے ہٹنے والی نہیں۔ عمران خان نے بشریٰ بی بی کو جیل میں پہنچائی جانے والی اذیت اور قید تنہائی کو پاکستان کی سماجی روایات کے خلاف اور تاریخ میں بے مثال قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں تاکہ عوامی طاقت کا بھرپور اظہار ہو اور موجودہ حکومتی رویے کے خلاف ایک واضح پیغام دیا جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی تفصیلی ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ وہ خیریت سے ہیں اور کارکنوں کے حوصلے بلند دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ملاقات کے دوران عمران خان نے گفتگو میں کہا کہ ان پر قائم تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں اور انہیں ان کا کوئی خوف نہیں۔انہوں نے توشہ خانہ کیس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ سماعت میں گواہوں کے بیانات سے ثابت ہو گیا کہ وہ جھوٹی گواہی دے رہے ہیں اور کسی بھی ایسے ملک میں جہاں قانون کی حکمرانی ہو،یہ کیس فوراً خارج کر دیا جاتا۔عمران خان نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھ کر ان پر دباو ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے،حالانکہ غیرسیاسی خواتین کے ساتھ اس طرح کا سلوک پاکستان کی تاریخ میں کہیں نہیں ملتا۔ان کے مطابق اس عمل کا مقصد صرف اور صرف انہیں ذہنی اذیت پہنچانا ہے مگر وہ مضبوط ہیں اور اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ملاقات کے دوران عمران خان نے دولتِ مشترکہ کی حالیہ رپورٹ پر بھی بات کی جس میں 8 فروری کے عام انتخابات کو وسیع پیمانے پر دھاندلی زدہ قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت نے بنیادی سیاسی حقوق،جیسے آزادی اظہار رائے اور عوامی اجتماعات کے انعقاد پر قدغن لگائی۔عمران خان نے اس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی تاریخ کے سب سے زیادہ فراڈ اور دھاندلی زدہ انتخابات تھے اور اگر ملک میں کوئی اخلاقی حکومت ہوتی تو اس رپورٹ کے بعد استعفیٰ دے دیتی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور کارکنوں کو بھی اس جدوجہد کا حصہ بننے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ان کے مطابق 27 ستمبر کا جلسہ نہ صرف عوامی طاقت کا مظاہرہ ہو گا بلکہ پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں ایک نیا رخ بھی متعین کرے گا۔
عمران خان کی تحریک انصاف کے کارکنوں کو27ستمبر کے جلسے میں بھرپور شرکت کی ہدایت،بشریٰ بی بی بارے ایسی بات کہہ دی کہ مخالفین دنگ رہ جائیں
5