Home » سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کا طبی معائنہ،پمز سے صحت مند قرار پانے کے بعد اڈیالہ جیل واپس منتقل

سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کا طبی معائنہ،پمز سے صحت مند قرار پانے کے بعد اڈیالہ جیل واپس منتقل

by ahmedportugal
26 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے سخت سیکیورٹی حصار میں اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) منتقل کیا گیا،جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔طبی جانچ مکمل ہونے کے بعد انہیں جمعہ کی صبح دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے مطابق ڈاکٹروں نے عمران خان کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق عمران خان کو براہِ راست شفا انٹرنیشنل لے جانے کے بجائے سیکیورٹی خدشات کے باعث پمز منتقل کیا گیا،جہاں شفا انٹرنیشنل سمیت متعلقہ ماہرین پر مشتمل طبی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔اس دوران بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی موجود رہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں طبی معائنے کے لیے 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب ہسپتال منتقل کیا گیا،ماہرِ امراضِ چشم،ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا اور تمام ضروری مراحل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو علی الصبح اڈیالہ جیل واپس بھیج دیا گیا۔حکومت کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو واپس جیل منتقل کرنے سے قبل ان کے طبی معائنے کے تمام مراحل مکمل کیے گئے جبکہ جیل حکام نے انہیں دوبارہ ان کے سیل میں منتقل کردیا،ان کی جیل واپسی انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات میں عمل میں آئی۔

عمران خان کو پمز منتقل کرنے کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب شفا انٹرنیشنل جانے والے راستوں اور ہسپتال کے اطراف پی ٹی آئی کارکنوں کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی صورتحال پر تشویش پیدا ہوئی۔حکومت کے مطابق ممکنہ امن و امان کے مسائل کے پیش نظر طبی معائنے کے لیے سرکاری ہسپتال پمز کا انتخاب کیا گیا۔حکام کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے میں مختلف شعبوں کے ماہرین شامل تھے۔سپریم کورٹ کے سابق حکم کے تحت ان کی صحت کا جامع جائزہ لینے کے لیے آنکھوں،دل اور عمومی طب سے متعلق ماہرین پر مشتمل میڈیکل ٹیم کی تشکیل کی گئی تھی۔

یہ پیش رفت سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد ہوئی ہے جس میں عدالت نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے،ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ کے ذریعے ان کا معائنہ کرانے اور مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم حکومت نے نجی ہسپتال منتقلی کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی، جسے سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ واپس کردیا۔حکومت کا موقف رہا ہے کہ قیدیوں کے علاج کے لیے قانون کے تحت بنیادی طور پر سرکاری طبی سہولیات استعمال کی جاتی ہیں اور نجی ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ مخصوص طبی ضرورت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔وفاقی حکومت نے اسی قانونی اور انتظامی نکتے کو بنیاد بنا کر سپریم کورٹ سے اپنے حکم پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔

دوسری جانب تحریک انصاف اور عمران خان کے وکلا کا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کی طبی ضروریات کے مطابق مکمل اور مسلسل علاج فراہم کیا جانا چاہیے،بالخصوص ان کی آنکھوں اور دیگر صحت سے متعلق مسائل کے پیش نظر انہیں ماہر ڈاکٹروں اور ذاتی معالجین تک مناسب رسائی ملنی چاہیے۔حالیہ رپورٹس میں پی ٹی آئی نے ان کی صحت،بلڈ پریشر اور طبی سہولتوں کے حوالے سے تشویش بھی ظاہر کی تھی۔عمران خان کے مختصر ہسپتال قیام اور دوبارہ جیل منتقلی نے اس عدالتی معاملے کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔ایک جانب حکومت طبی معائنے کے مکمل ہونے اور عمران خان کے طبی طور پر فِٹ قرار پانے کو اپنے موقف کی تائید سمجھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ صرف ایک مختصر معائنے سے ان کی طویل مدتی طبی ضروریات کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق عمران خان کے اہلخانہ سے ملاقات اور طبی معاملات میں ان کے ذاتی معالجین کی شمولیت سمیت دیگر سہولتوں کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے موجود ہے۔آئندہ عدالتی کارروائی میں حکومت کے موقف،طبی ریکارڈ اور حکم پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر مزید بحث متوقع ہے۔یوں عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ چند گھنٹوں کے طبی معائنے اور دوبارہ اڈیالہ جیل واپسی کے بعد ایک مرتبہ پھر قانونی اور سیاسی بحث کا مرکز بن گیا ہے جبکہ ان کی صحت سے متعلق آئندہ طبی رپورٹس اور عدالت میں ہونے والی کارروائی مزید صورتحال واضح کرے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز