Home » عمران خان کی ایک آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ،شوکت یوسفزئی کا مریم نواز اور جیل حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

عمران خان کی ایک آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ،شوکت یوسفزئی کا مریم نواز اور جیل حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور جیل انتظامیہ کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میںشوکت یوسفزئی نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور بروقت علاج معالجہ نہ ملنے کے باعث ان کی ایک آنکھ کی بینائی ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے،جو انسانی حقوق کے تناظر میں نہایت تشویش ناک ہے۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ سپریم کورٹ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ سیاسی انتقام کی بنیاد پر قیدی کے بنیادی حقوق نظر انداز کیے جا رہے ہیں،یہ امر افسوس ناک ہے کہ حکومتی عہدیداران مسلسل یہ دعویٰ کرتے رہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینول سے بڑھ کر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں مگر عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ نے ان دعووں کی نفی کر دی ہے۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ عمران خان کو جس کمرے میں رکھا گیا ہے وہاں کئی کئی گھنٹے بجلی معطل رہتی ہے جس سے گرمیوں میں شدید حبس پیدا ہو جاتا ہے، جب کہ کمرے میں حشرات الارض کی موجودگی بھی رپورٹ ہوئی ہے،نہ صرف طبی سہولیات ناکافی ہیں بلکہ معیاری خوراک اور دیگر بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں، حتیٰ کہ بانی پی ٹی آئی کو کھانا بھی ذاتی اخراجات سے حاصل کرنا پڑ رہا ہے اور کمرے میں موجود ٹی وی بھی غیر فعال ہے۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ عدالتی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سپریم کورٹ نہ صرف فیملی ملاقاتوں پر عائد پابندیاں نرم کرے گی بلکہ علاج کے دوران اہل خانہ کی موجودگی کو بھی یقینی بنائے گی۔انہوں نے زور دیا کہ عمران خان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور ان کا علاج ان کی مرضی کے معالجین سے فوری طور پر کروایا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے،جہاں ایک جانب حکومتی دعووں اور جیل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں تو دوسری جانب معاملہ عدالتی اور انسانی حقوق کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔مبصرین کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ محض طبی نہیں بلکہ سیاسی اور قانونی سطح پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے،جس کے باعث آنے والے دنوں میں اس پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز