پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو حکومت سے مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بانی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے پارٹی کو اپنے دو مطالبات تحریری طور پر حکومتی کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی اجازت دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان حکومت کے ساتھ ڈیل کے کسی بھی تصور کو پہلے ہی ختم کر چکے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ خان نے تیسرے مذاکراتی اجلاس کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکراتی ٹیم کو بعد میں ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو مذاکرات میں مزید پیش رفت ناممکن ہو جائے گی۔
اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔