Home » عمران خان کو مائنس کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو گی،ملک خانہ جنگی کی طرف نہ دھکیلا جائے،محمود اچکزئی

عمران خان کو مائنس کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو گی،ملک خانہ جنگی کی طرف نہ دھکیلا جائے،محمود اچکزئی

by ahmedportugal
15 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے آئینی تقاضوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے،کسی ایک سیاسی رہنما کو دیوار سے لگانے کی پالیسی نہ صرف جمہوریت کے خلاف ہے بلکہ اس سے ریاستی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے،عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی اور ایسے اقدامات ملک کو خطرناک عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتے ہیں،اگر سیاسی راستے بند کیے گئے تو وہ عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا عوامی چہرہ ہیں اور انہیں نظر انداز کرنا یا سیاست سے باہر کرنا حقیقت سے آنکھیں بند کرنے کے مترادف ہے،اگر کسی نے یہ سمجھ لیا ہے کہ عمران خان کو مائنس کر کے سیاسی استحکام آ جائے گا تو یہ اس کی بہت بڑی غلط فہمی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنماوں اسد قیصر،سلمان اکرم راجہ،سردار لطیف کھوسہ اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے ملک کی موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ادارے مفلوج ہو چکے ہیں اور کوئی بھی ادارہ موثر انداز میں کام نہیں کر رہا،اگر آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی خود مختاری کو یقینی نہ بنایا گیا تو ریاستی ڈھانچہ مزید کمزور ہو جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کو سیاست سے باہر کرنے کی کوئی بھی کوشش نہ صرف ناکام ہوگی بلکہ ملک کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے،عمران خان پاکستان کی سیاست کا ”واحد محور“ اور سب سے مقبول عوامی رہنما ہیں،جن کے بغیر کسی سیاسی نظام کا تصور ممکن نہیں،ملک میں آئین کا راستہ روکنا دراصل پاکستان کی بنیادوں کو ہلانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سویلین اداروں میں غیر متعلقہ مداخلت بڑھتی جا رہی ہے،جو جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہونے چاہئیں اور پارلیمنٹ کو ہی طاقت کا اصل سرچشمہ ہونا چاہیے۔انہوں نے عاصم منیر اور شہباز شریف کا نام لیتے ہوئے کہا کہ افراد چاہے کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں،پاکستان سب سے بڑا ہے اور اسی کے مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔اپوزیشن لیڈر نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے گئے،سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں لگائی گئیں اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جاری رہی تو ملک خطرناک سمت اختیار کر سکتا ہے عوام کو دیوار سے لگانے کے نتائج ہمیشہ سنگین ہوتے ہیں۔

پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اپوزیشن قیادت عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی رہائی کو قومی مفاد سے جوڑا جا رہا ہے،پاکستانی عوام کی اکثریت عمران خان کے بیانیے کی حمایت کرتی ہے اور کسی بھی قسم کی سیاسی انجینئرنگ کو مسترد کرتی ہے۔اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی کسانوں اور مزدوروں کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری اور معاشی مشکلات عروج پر ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے لاتعلق ہے جبکہ کسانوں کا استحصال بڑھ رہا ہے۔محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ اپوزیشن اپنی جدوجہد پرامن رکھے گی اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے جلسے جلوس جاری رکھے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی سرگرمیوں کا راستہ روکا گیا تو عوامی ردعمل کو روکنا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپوزیشن اتحاد ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم چلائے گا اور ہر سطح پر آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز