وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عسکری و صوبائی قیادت کا اجلاس، ملک دشمن مہم کے خلاف روایتی اور ڈیجیٹل طریقے سے بھرپور جواب دینے کا فیصلہ
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں عسکری و سول قیادت، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف حکومت کے واضح مؤقف پر زور دیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ آوروں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت قومی بیانیے کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور دہشت گردوں و شرپسندوں کے خلاف مؤثر بیانیہ بنانے کی ہدایات دی گئیں۔ قومی بیانیے کے خلاف مواد کا سدباب کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید برآں، اجلاس میں صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور نوجوانوں تک قومی بیانیہ پہنچانے کے لیے فلموں اور ڈراموں میں قومی موضوعات اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ شرپسند بیانیے کا مقابلہ کرنے کے لیے صوبوں نے تعاون کا عہد کیا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر مواد نشر کیا جائے گا، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا مقابلہ کیا جائے گا اور دہشت گردی کے منفی اثرات کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، قومی نصاب میں دہشت گردی کے بارے میں آگاہی شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔